لاس اینجیلس میں ہیریسن فورڈ کے طیارے کی کریش لینڈنگ

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ہیریسن کے طیارے نے وینس گولف کورس کے آٹھویں ہول کے قریب کریش لینڈنگ کی

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہالی وڈ کے مشہور اداکار ہیریسن فورڈ لاس اینجیلس میں طیارے کے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔

انڈیانا جونز اور سٹار وارز سیریز کی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے 72 سالہ فورڈ خود اپنا طیارہ اڑا رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق ان کے طیارے نے انجن کی خرابی کی وجہ سے سانتا مونیکا ہوائی اڈے کے نزدیک واقع وینس گولف کورس میں کریش لینڈنگ کی۔

لاس اینجیلس کے فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان پیٹرک بٹلر نے کہا کہ انہیں جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 20 منٹ پر طیارے کے حادثے سے متعلق ایک ایمرجنسی کال ملی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ طیارے میں ایک 70 سالہ زخمی شخص موجود تھا جو ہوش میں تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ہیریسن فورڈ نے انڈیانا جونز اور سٹار وارز سیریز کی فلموں سے شہرت حاصل کی

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں ہیریسن فورڈ کے سر میں چوٹ لگی ہے اور انہیں ایک مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔

ان کے بیٹے بین نے جو لاس اینجیلس میں شیف ہیں، ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ ’میرے والد ٹھیک ہیں، وہ ہل کر رہ گئے ہیں لیکن ٹھیک ہیں۔‘

ہیریسن فورڈ کا طیارہ سانتا مونیکا کے ہوائی اڈے سے ہی اڑا تھا لیکن فوری طور پر انجن میں خرابی کی وجہ سے اس نے واپسی کی لیکن رن وے تک نہ پہنچ سکا۔

اسی بارے میں