بالی وڈ راؤنڈ اپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

بھارتی گلوکارہ سونا موہاپاترا کو یہ سوال بہت ستاتا ہے کہ ’آپ اتنی خوبصورت ہیں تو ایکٹنگ کیوں نہیں کرتیں؟‘

بی بی سی سے خصوصی گفتگو میں سونا نے کہا: ’کوئی یہ سمجھنے کے لیے تیار ہی نہیں کہ ہر خوبصورت لڑکی اداکارہ نہیں بننا چاہتی۔‘

انھوں نے کہا: ’موسیقی میرا پہلا پیار ہے۔‘

تاہم سونا مستقبل کے لیے دروازے کھلے بھی رکھنا چاہتیں ہیں۔ وہ کہتی ہیں: ’ہاں، اگر کوئی اچھا موقع ملے تو اداکاری بھی کر لوں گی۔‘

سونا موہاپاترا آنے والی فلم ’ساوي‘ میں اپنی آواز کا جادو جگا رہی ہیں اور اس کے بعد ایک میوزک ویڈیو میں بھی نظر آئیں گی۔

سونا کو اصل شناخت عامر خان کے ٹی وی شو ’ستیہ مے و جیتے‘ سے ملی جس میں ان کی آواز میں بعض گیت لوگوں کو بہت پسند آئے۔

انھوں نے ’دہلی بیلی‘، ’آئی ہیٹ لو سٹوريز‘ اور ’تلاش‘ جیسی فلموں کے لیے بھی گیت گائے۔

’تینوں خان کا ایک ساتھ آنا مشکل ہی نہیں نامکن ہے‘

Image caption ان تیون خان کو فلم انڈسٹری کے ٹاپ تین مقام حاصل ہیں

فلم ساز فرح خان کے خیال میں بالی وڈ کے تین ٹاپ خان عامر، شاہ رخ اور سلمان کو ایک فلم میں ساتھ لانا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔

ایک ٹی وی پروگرام سے وابستہ پریس کانفرنس میں جب ان سے اس امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو فرح نے کہا: ’خدا بھی تینوں خان کو ساتھ نہیں لا سکتا تو پھر میں کس کھیت کی مولی ہوں۔ میں ایسی کوئی کوشش کر بھی نہیں رہی ہوں۔‘

فرح نے یہ بھی بتایا کہ ایک بار انھوں نے یہ کوشش کی تھی لیکن بات بنی نہیں۔

فرح نےبتایا: ’آٹھ برس قبل فلم اوم شانتی اوم کے گانے دیوانگی دیوانگی کے لیے میں نے تینوں خان کو ساتھ لانے کی کوشش کی تھی۔ شاہ رخ اور سلمان تو اس گانے میں ساتھ نظر آگئے تھے لیکن عامر کو میں نہ لا پائی۔‘

فلمی کاروبار سے وابستہ لوگوں کا خیال ہے کہ تینوں خانوں کا ایک فلم میں لانا کاروباری وجوہات سے ممکن نہیں ہوگا کیونکہ فلم کا بجٹ اتنا بڑھ جائے گا کہ اسے بنانا کسی فلم ساز کے بس کی بات نہیں۔

سلمان نے ہولی پر شرٹ اتاری

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption ہولی کے موقعے پر بالی وڈ رنگوں میں ڈوب جاتا ہے

رنگوں کے تہوار ہولی اور بالی وڈ کی فلموں کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے۔ فلموں کے گیت اس موقعے پر ہرسال اپنی اہمیت رکھتے اور بالی وڈ بڑے جوش و خروش کے ساتھ ہولی میں شرکت کرتا ہے۔

سلمان خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ تمام تہواروں کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ بہت دھوم دھام سے مناتے ہیں۔

اس بار بھی انھوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ یہ تہوار منایا۔ ان کے یہاں کی ہولی کی پارٹی میں اداکارہ پریتی زنٹا کو بھی دیکھا گيا۔

ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی موقعے پر اپنی شرٹ اتارنا نہیں بھولتے اور یہ بات ان کے مداحوں کو پسند بھی ہیں۔

اس بار ہولی کے موقعے پر بھی انھیں شرٹ اتار کر اپنے کسرتی جسم کی نمائش کرتے دیکھا گیا۔

فلم ’مدر انڈیا‘ ہو یا پھر فلم ’مشعل‘، یا پھر ’شعلے‘ ان تمام بڑی فلموں میں ہولی کے گیت ہیں اور انھیں بہت خوبصورتی کے ساتھ فلمایا گیا ہے۔

فلم ’سلسلہ‘ میں بھی ہولی کا اپنا انداز ہے اور امیتابھ بچن کی آواز میں گیت بھی ہے۔

اسی بارے میں