’گیم آف تھرونز‘ کا نیا سیزن نشر ہونے سے پہلے لیک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption محض تین گھنٹوں میں ان کی ایک لاکھ سے زائد کاپیاں ڈاؤن لوڈ کی جاچکی ہیں

معروف ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کے سیزن 5 کی پہلی چار قسطیں ٹی وی پر نشر ہونے سے پہلے ہی انٹرنیٹ پر لیک ہو گئی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو ٹورنٹ فریک نامی ویب سائٹ نے بتایا کہ ایچ بی او چینل کی مشہور ٹی وی سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کی پہلی چار قسطیں کیبل نیٹ ورک پر نشر کیے جانے سے قبل ہی انٹرنیٹ پر لیک کر دی گئی ہیں۔

ٹورنٹ فریک ویب سائٹ کے مطابق یہ اقساط بظاہر ذرائع ابلاغ کو تبصروں کے لیے بھیجی گئی تھیں اور لیک کیے جانے کے بعد محض تین گھنٹوں میں ان کی ایک لاکھ سے زائد کاپیاں ڈاؤن لوڈ کی جا چکی ہیں۔

قرون وسطیٰ کے دور کی عکاسی کرتی ہوئی ایک داستان پر مشتمل اس سیریز کے نئے سیزن کی پہلی قسط پیر کو 170 ممالک میں دکھائی جانی تھی۔

ایج بی او نے اس کی ریلیز کے لیے غیرمعمولی شیڈول رکھا ہے کیونکہ اس کو بے انتہا پسند کیا جا رہا ہے۔

یہ سیریز امریکی ناول نگار جارج آر آر مارٹن کے تخلیاتی سیریز ’اے سونگ آف آئیس ایند فائر‘ سے ماخوذ ہے اور یہ قتل، جنس اور بدلے کی داستان بیان کرتی ہے۔

اس سیریز میں قرون وسطیٰ کی تاریخ سے متاثر خیالی سلطنتیں اور براعظم پیش کیے گئے ہیں جہاں مختلف خاندان طاقت اور اقتدار کے لیے خونی لڑائیاں لڑتے ہیں۔

اسی بارے میں