ابھیشیک بچن برطانیہ میں انتخابی مہم میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP GETTY
Image caption ابھیشیک بچن سے بالی وڈ سٹارز فٹ بال ٹیم کے بارے میں سوالات کیے گئے

بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن کا سیاست سے پرانا رشتہ ہے۔ ان کے والد امیتابھ بچن اگرچہ اب سیاست سے فاصلہ رکھتے ہیں تاہم وہ کبھی رکن پارلیمان ہوا کرتے تھے اور الہ آباد سے انتخابات میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔

بھارتی خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ابھیشیک بچن حال ہی میں برطانیہ کے انتخابی حلقے لیسٹر پہنچے۔

ان کے اس دورے کا مقصد برطانیہ میں آئندہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں لیبر پارٹی کے نامزد بھارتی نژاد امیدوار ایم پی کیتھ ویز کی انتخابی مہم میں حصہ لینا تھا

ابھیشیک کا کہنا تھا: ’میں یہاں کیتھ کے لیے ہوں۔ وہ لیسٹر کے لیے بہت محنت سے کام کرتے ہیں اور مجھے مسرت ہے کہ میں آج یہاں ان کی حمایت میں آیا ہوں۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’کیتھ ہمارے خاندان کے دوست ہیں۔ ان میں بہت ساری ایسی خوبیاں جو میرے خیال میں ہمارے سیاست دانوں میں ہونی چاہیے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption کیتھ ویز کے ساتھ بالی وڈ اداکارہ شیلپا شیٹی کو دیکھا جا سکتا ہے

’وہ برطانیہ میں ہندوستانی برادری کے حقیقی رہنما ہیں۔ وہ مخلص، کشادہ دل اور مہربان ہیں۔‘

کیتھ ویز نے کہا: ’بالی وڈ کے ایک بڑے سٹار کا ہمارے ساتھ لیسٹر میں ہونا ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ شہر خوشی سے جھوم اٹھا ہے اور ابھیشیک کے ہزاروں مداح انھیں دیکھنے آئے ہیں۔‘

ابھیشیک بچن لیسٹر کے پیپل سینٹر میں کیتھ ویز کے ساتھ عوام کے روبرو تھے اور ان کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔

لوگوں نے ان سے ان کی زندگی اور کریئر کے علاوہ بالی وڈ سٹارز فٹ بال ٹیم کے بارے میں بھی سوالات کیے۔

انھیں لیسٹر سٹی کی فٹ بال جرسی بھی تحفے میں پیش کی گئی۔

اسی بارے میں