فاسٹ اینڈ فیوریس: 17 دنوں میں ایک ارب ڈالر

تصویر کے کاپی رائٹ UNIVERSAL
Image caption فاسٹ اینڈ فیوریس 7 نے گرمیوں میں پیش کی جانے والی بلاک بسٹر فلموں جیسا بزنس کیا ہے

فاسٹ اینڈ فیوریس 7 نے باکس آفس کے ریکارڈ توڑ کر پوری دنیا میں سب سے تیز ایک ارب ڈالر کمانے والی فلم کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔

فاسٹ اینڈ فیوریس فرنچائز کی تازہ ترین فلم نے 19 دنوں میں ایک ارب ڈالر کمانے والی دو فلموں ’اوینجرز‘ اور آخری ہیری پوٹر کے مقابلے میں صرف 17 دنوں میں ایک ارب ڈالر کما لیے ہیں۔

ون ڈیزل اور پال واکر کی یہ فلم امریکی باکس آفس پر تین ہفتوں سے پہلی پوزیشن پر ہے۔ اس نے تیسرے ہفتے دو کروڑ 91 لاکھ ڈالر سے زیادہ کمائے۔

باکس آفس کے دوسرے نمبر پر ’پال بلارٹ‘ ہے جس کا مرکزی کردار کیون جیمز ادا کر رہے ہیں۔ اس نے گذشتہ ہفتے میں دو کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔

کم بجٹ والی تھرلر فلم ’ان فرینڈڈ‘ گذشتہ ہفتے تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر کما کر باکس آفس کے تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔

دوسری جانب ٹام ہارڈی کی تھرلر ’چائلڈ 44‘ نے صرف چھ لاکھ ڈالر کمائے ہیں جب کہ فلم کا بجٹ پانچ کروڑ ڈالر تھا۔ جس کا مطلب ہے کہ یہ اس سال کی سب سے بڑی فلاپ فلم بھی ہو سکتی ہے۔

باکس آفس کے سٹوڈیوز کے مطابق فاسٹ اینڈ فیوریس 7 نے صرف امریکہ اور کینیڈا میں 30 کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

رین ٹریک سٹوڈیو کے ترجمان پال ڈرگارابیدیان کا کہنا تھا کہ فلم نے اپریل میں پیش کیے جانے کے باوجود گرمیوں میں چلنے والی فلموں کے درجے کا منافع حاصل کیا ہے۔

فاسٹ اینڈ فیوریس 7 کے ساؤنڈ ٹریک میں وز خلیفہ کے نغمے ’سی یو اگین‘ نے بھی باکس آفس کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

اسی بارے میں