لوپیز کی پرفارمنس، وزیر کے استعفے کا مطالبہ

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جینیفر لوپیز نے جمعہ کو 160 ہزار افراد کے مجمعے کے سامنے پرفارمنس دی تھی

مراکش کے میڈیا کے مطابق رباط میں امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز کے کانسرٹ کے بعد ملک کے وزیر برائے مواصلات کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موازین فیسٹیول میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس غیر مہذب تھی۔

وزیر برائے مواصلات مصطفیٰ خلفی نے یہ پرفارمنس ٹی وی پر لائیو دکھائے جانے کی اجازت دی تھی جس کے باعث ان پر تنقید کی جا رہی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق مصطفیٰ نے مستعفی ہونے کے مطالبے رد کر دیے ہیں۔

جینیفر لوپیز نے جمعے کو ایک لاکھ 60 ہزار افراد کے مجمعے کے سامنے پرفارمنس دی تھی۔

یہ فیسٹیول معمولی تاخیر کے ساتھ 2ایم پبلک ٹی وی نیٹ ورک پر دکھایاگیا تھا۔

تاہم مقامی میڈیا نے جینیفر لوپیز کو ان کی حرکات اور لباس کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔

کئی رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ اجلاس طلب کیا جائے جس میں اس بات پر بحث کی جائے کہ کیا یہ فیسٹیول ٹی وی پر دکھایا جانا چاہیے تھا۔

اسی بارے میں