ڈریکولا کا کردار نبھانے والے اداکار سر کرسٹوفر لی انتقال کر گئے

کرسٹوفر لی تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کرسٹوفر لی نے 250 سے زیادہ فلموں میں کام کیا

مشہور اداکار اور کئی بڑی فلموں کے ستارے سر کرسٹوفر لی انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 93 سال تھی۔

انھیں سانس میں تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

برطانیہ میں پیدا ہونے والے کرسٹوفر لی کو ڈراؤنی فلموں میں ڈریکیولا اور فرینکنسٹائن کے کردار نبھانے کے لیے جانا جاتا ہے۔

انہوں نے ’لارڈ آف دی رِنگز‘ اور جیمز بانڈ سیریز کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے علاوہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’جناح‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

کرسٹوفر لی نے ڈھائی سو سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔

بطور وِلن انھوں نے جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’دا مین ود دا گولڈن گن‘ میں سیکرا منگا اور ’لارڈ آف دی رنگز‘ میں جادوگر سوارمان کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ ’سٹار وار‘ میں بھی انھوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

انہیں 2009 میں ملکہ کی طرف سے نائٹ ہڈ یا ’سر‘ کے اعزاز سے نوازا گیا تھا اور 2011 میں برطانیہ کے فلم کے سب سے بڑے ادارے ’بیفٹا‘ کی اعزازی فیلوشپ دی گئی۔

ان کا کیریئر 70 سالوں پر محیط تھا اور 80 سال کی عمر کے بعد بھی وہ پردے پر نظر آتے تھے۔

وہ سنہ 1922 میں لندن میں پیدا ہوئے تھے لیکن والدین میں علیحدگی کے بعد ان کا زیادہ تر بچپن سوئٹزرلینڈ میں گزرا۔

1993 میں انھوں نے فن لینڈ کے لیے سوویت فوج کے خلاف لڑنے کی پیشکش کی لیکن جنگ میں شامل نہ ہو سکے اور فضائیہ میں شامل ہوئے لیکن آنکھیں کمزور ہونے کے سبب انھیں پائلٹ کی تربیت نہیں دی جا سکی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سر کرسٹوفر لی کے لیے فلم جناح بہت اہم تھی

سر کرسٹوفر لی کے والدین کا خیال تھا کہ وہ کامیاب اداکار نہیں بن پائیں گے کیونکہ دیکھنے میں کچھ زیادہ ہی غیر ملکی لگتے تھے۔

لیکن ان کی والدہ کے رشتے کے بھائی نے ان کی مدد کی جو اطالوی سفیر تھے اور انھوں نے ایک کمپنی کے ساتھ سات سال کا معاہدہ کیا۔

اس کے بعد انھوں نے تھیئٹر اور فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار کرنے شروع کیے۔

50 کی دہائی میں انھوں نے ہیمر فلمز کے ساتھ کانٹریکٹ سائن کیا۔

تاہم 2004 میں ایک انٹرویو کے دوران انھوں نے اپنی فلم ’جناح‘ کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانیِ پاکستان پر بنائی گئی یہ فلم ان کی سب سے اہم فلم تھی۔

ان کا کہنا تھا یہ ایک انتہائی اہم موضوع تھا اور بطور اداکار یہ ایک بڑی ذمہ داری تھی۔

فلم جناح کے بارے میں سر کرسٹوفر کا کہنا تھا کہ ’اپنی اداکاری کے بارے میں مجھے اپنی زندگی میں اس سے بہتر رویوز پہلے کبھی نہیں ملے تھے۔‘

اسی بارے میں