کرینہ کپور کو ٹی وی سے کوئی دلچسپی نہیں

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ’ٹی وی میں تمام لوگ اچھا کام کر رہے ہیں لیکن وہ ابھی اپنے کام سےخوش ہیں‘

چھوٹے پردے یعنی ٹیلی ویژن پر بھی بالی وڈ کے اداکاروں کااپنے فن کا مظاہرہ کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے اور اس سے بھی وہ کافی داد وصول کرتے ہیں۔

موجودہ زمانے میں بالی وڈ کے بہت سے ستارے جہاں اپنی مقبولیت کو بڑھانے کے لیے ٹی وی کا رخ کرتے ہیں تو کئی بار اپنے ڈوبتے کیریئر کو بچانے کے لیے بھی ٹی وی کا سہارا لیتے ہیں۔

اداکاروں میں تو سلمان خان، شاہ رخ خان، امیتابھ بچن اور عامر خان جیسے ستاروں کا نام لیا جا سکتا ہے جو چھوٹے پردے پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

اداکاراؤں میں بھی ودیا بالن، مادھوری دیکشت اور پرینکاچوپڑہ جیسی فنکارہ چھوٹے پردے پر اپنی قسمت آزمائی کر چکی ہیں اور کافی حد تک کامیاب بھی رہی ہیں۔

لیکن ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جنہیں چھوٹے پردے پر نظرآنے سے پرہیز ہے اور اس فہرست میں ایک نام کرینہ کپور خان کا بھی ہے۔

کرینہ کپور نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئےٹ ی وی سے دور رہنے سے متعلق بتایا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جنہیں چھوٹے پردے پر نظرآنے سے پرہیز ہے اور اس فہرست میں ایک نام کرینہ کپور خان کا بھی ہے

ان سے جب اس سے متعلق سوال کیا گيا کہ پرینکا چوپڑا، سوناكشي سنہا اور مادھوری جیسی سلیبرٹيز کے ريالٹي شو میں جج بننے کے بعد کیا کرینہ بھی نظر آئیں گی؟

تو انہوں نے کہا’میرا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ میں کسی ريالٹي شومیں جج بنوں یا پھر میں وہاں کوئی اور کردار کرتی نظر آؤں۔‘

کرینہ نے ٹی وی میں اپنی دلچسپی نہ ہونے سے متعلق کہا’مجھے ٹی وی کے لیے بہت سی پیشکش پہلے بھی ہو چکی ہیں لیکن میں نے انکار کیا کیونکہ ابھی ٹی وی میں مجھے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘

دوسری اداکاراؤں کے بارے میں انہوں نے بس اتنا کہا کہ ٹی وی میں تمام لوگ اچھا کام کر رہے ہیں لیکن وہ ابھی اپنے کام سےخوش ہیں اور چھوٹا پردہ ابھی دور ہے۔

اسی بارے میں