’جب بھی موقع ملا پاکستان ضرور جاؤں گی‘

تصویر کے کاپی رائٹ SPICE PR
Image caption کرینہ کپور کے مطابق وہ سلمان کے ساتھ فلم میں کام کر کے خوش ہیں

بالی وڈ کی اداکارہ کرینہ کپور اپنے آنے والی نئی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی کامیابی کے بارے میں خاصی پرامید ہیں۔

اس فلم میں ان کے ہیرو سلمان خان ہیں اور فلم کے ڈائریکٹر کبیر خان ہیں۔

کرینہ کہتی ہیں کہ ’بجرنگی بھائی جان‘ ایک ایسی فلم ہے جس کی کہانی اپنی طرف متوجہ کرنے والی ہے اور یہ فلم بغیر کسی پروموشن کے 200 کروڑ سے زیادہ کما سکتی ہے۔‘

کرینہ کپور نے فلمیں کم اور آئٹم سونگ زیادہ کرنے کے بارے میں کہا کہ ’لوگ اکثر مجھ سے یہ سوال پوچھتے ہیں کہ میں آئٹم سانگ کیوں کرتی ہوں۔ تو جواب میں میں صرف اتنا کہنا چاہوں گی کی مجھے ناچ گانا بہت پسند ہے۔ میں نے ان برسوں میں جتنے بھی آئٹم نمبر کیے ہیں ان تمام کو لوگوں نے بہت پسند کیا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE
Image caption کرینہ کپور کے مطابق انھیں رقص کرنا پسند ہے

کرینہ نے کہا: ’مجھے یاد ہے کہ شادی کے دس دن بعد میں نے ایک آئٹم سانگ کی شوٹنگ کی تھی۔ میں خوش ہوں کہ شادی کے بعد بھی میں ویسا ہی آئٹم سانگ میں ڈانس کر پاتی ہوں جیسا شادی کے پہلے کیا کرتی تھی۔‘

کرینہ اور سیف علی خان کی شادی کو پورے تین سال ہو گئے اور اکثر سننے کو ملتا ہے کہ شادی کے بعد فلمی سفر تھوڑا سست پڑ جاتا ہے لیکن کرینہ اس بات کو قطعی طور پر نہیں مانتیں۔

’سلمان کے لیے اکثر کہا جاتا ہے کہ وہ ہمیشہ جوان لڑکیوں کے ساتھ ہی کام کرنا چاہتے ہیں اور میری جیسی شادی شدہ لڑکی کے ساتھ ان کا بار بار کام کرنا میرے لیے بڑی کامیابی ہے۔‘

انھوں نے خوشی ظاہر کی کہ شادی کے بعد بھی انھوں نے اکشے اور اجے کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ SPICE PR
Image caption کرینہ کو پاکستان کے پکوان بہت پسند ہیں

کرینہ نے کہا کہ انھوں نے انیل کپور کے ساتھ فلم ’بے وفا‘ میں ان کی بیوی کا رول کیا تھا اور اب ان کے بھتیجے ارجن کپور کے ساتھ بھی کام کر رہی ہیں۔

پاکستان سے دعوت نامہ

کرینہ سے بی بی سی نے فلم ’بجرنگی بھائی جان‘کی کہانی کے بارے میں پوچھا تو کرینہ کپور نے کہا کہ وہ پاکستان جانا چاہتی ہیں اور ’لاہور سے دعوت نامہ بھی کئی بار آیا ہے کیونکہ سیف کا پورا خاندان وہیں ہے۔ میں ضرور جانا چاہتی ہوں، خاص کر کے کھانے کے لیے کیونکہ جس طرح کا کھانا پاکستان میں ملتا ہے میں اس کی شوقین ہوں اور جب بھی میرا اور سیف کا پلان بنے گا ہم ضرور جائیں گے۔‘

افسوس نہیں

تصویر کے کاپی رائٹ NACH BALIYE
Image caption کرینہ کو فلموں سے انکار کرنے پر کوئی افسوس نہیں ہے

کرینہ کپور کو کئی کی پیشکشیں آتی رہتی ہیں لیکن وہ زیادہ تر فلموں کے لیے انکار کر دیتی ہیں۔ لیکن جب وہ فلم کامیاب ہوئی تو کیا افسوس ہوا؟

ایسی فلموں میں سے ایک حال ہی میں ریلیز ’دل دھڑکنے دو‘ شامل ہے۔ اس میں زويا اختر کی پہلی پسند پرینکا چوپڑا نہیں کرینہ تھی۔

اس پر کرینہ کہتی ہیں: ’جو فلمیں میں نے منع کی ہیں ان کے پیچھے کوئی نہ کوئی وجہ تھی اور مجھے کبھی کوئی افسوس بھی نہیں ہوا لیکن ہاں زویا کے ساتھ کام نہ کرنے کا افسوس ضرور ہے، لیکن نہ وہ ان کی آخری فلم تھی اور نہ ہی میں نے فلموں میں کام کرنا چھوڑا ہے تو آئندہ ان کے ساتھ کام کرنے کا بہت موقع ملے گا۔‘

اسی بارے میں