ودیا بالن بنیں گی اندرا گاندھی؟

تصویر کے کاپی رائٹ RAINDROP
Image caption ودیا ماضی قریب میں سچترا سین پر بننے والی بایوپکچرز میں کام کرنے سے انکار کر چکی ہیں

بالی وڈ میں اپنے بل بوتے پر’ڈرٹي پکچر‘ اور ’ کہانی‘ جیسی بڑی ہٹ فلمیں دینے والی اداکارہ ودیا بالن کو بھارت کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش ہوئی ہے۔

بی بی سی سے بات چیت میں ودیا بالن کا کہنا ہے کہ انھوں نے تاحال اس پیشکش کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

ان کے مطابق ’سوال یہ ہے کہ جس طرح سے یہ فلم بننی چاہیے کیا وہ بن پائے گی؟ اندرا گاندھی بہت ہی قابل احترام سیاسی شخصیت ہیں، لہذا ہمیں بہت حدود کے ساتھ کام کرنا پڑے گا۔ فی الحال مجھے پتہ نہیں کہ میں وہ کروں گی یا نہیں۔‘

ودیا کو اس سے قبل بھی بایوپکچرز میں کام کرنے کی پیشکش ہو چکی ہے جسے انھوں نے ٹھکرا دیا تھا۔

انھوں نے سچترا سین کی بايوپك میں مرکزی کردار کرنے سے بھی انکار کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Bharti Bhushan
Image caption ودیا بالن کو بھارت کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش ہوئی ہے

ودیا کے مطابق، ’فلم بنگالی میں بن رہی ہے اور راما سین کے ہوتے ہوئے یہ کردار کوئی بہتر نہیں کر سکتا۔‘

دویا کئی فلاپ فلموں کے بعد ودیا بالن اپنی نئی فلم ’ہماری ادھوری کہانی‘ کو ملنے والے رسپانس سے خوش ہیں۔

انھوں نے کہا، ’فلم فلاپ ہوتی ہے تو برا لگتا ہے۔گھن چكر فلاپ ہونے کے بعد میرا دل ہی ٹوٹ گیا تھا لیکن جب شادی کے سائیڈ افیكٹس فلاپ ہوئی تو کم تکلیف ہوئی اور جب بابی جاسوس بھی نہیں چلی تو اور کم تکلیف ہوئی کیونکہ دو فلاپس کو میں جھیل چکی تھی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے ان فلموں کو اپنے اندر سے گھر والوں کے سامنے رو رو کر نکال دیا تاکہ یہ مجھے ذاتی طور پر تکلیف نہ دیں۔‘

’ہماری ادھوری کہانی‘ سے ودیا بہت خوش ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’تجزیہ نگاروں کو فلم بھلے نہ پسند آئی ہو لیکن لوگوں کا جو ردعمل آ رہا ہے اس سے میں بہت مطمئن ہوں۔‘

اسی بارے میں