کنگنا راناوت اپنی ہی فلم کی ریلیز کی مخالف

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption کنگنا راناوت نے حال ہی میں ایک سپر ہٹ فلم دی ہے

بالی وڈ میں ایسا بہت کم ہی سننے کو ملتا ہے کہ کوئی اداکارہ اپنی ہی فلم کو ریلیز ہونے سے روکنے کی کوشش کرے۔

تاہم مسلسل ہٹ پہ ہٹ فلمیں دینے والی اداکارہ کنگنا راناوت ان دنوں کچھ ایسا ہی کر رہی ہیں۔

حال ہی میں کنگنا نے ٹی سیریز کو ایک قانونی نوٹس بھیجا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی ایک پرانی فلم کی نمائش پر پابندی لگا دی جائے۔

کنگنا ’آئی لو نیویارک‘ کے فلمسازوں سے ناراض ہیں جو ان کی ایک چھ سال پہلے بننے والی فلم ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کنگنا نہیں چاہتیں کہ یہ فلم اب ریلیز ہو۔

کنگنا کے وکیل رضوان صدیقي نے کہا ہے: ’یہ بہت ہی بدقسمتی کی بات ہے کہ میری موکلہ کو بتائے بغیر ہی ٹی سیریز نے طے کر لیا کہ فلم کو ریلیز کر دیا جائے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ فلم ٹی سیریز نے چھ سال پہلے بنائی تھی جو کہ توقع کے مطابق نہیں بنی تھی۔ اب اس فلم کو ریلیز کرنا ظاہر کرتا ہے کہ کمپنی اب میری موکلہ کی کامیابی سے فائدہ اٹھانا چاہ رہی ہے۔‘

رضوان صدیقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’فلمساز کمپنی کی طرف سے میری موکلہ کو نہ کوئی معلومات دی گئیں اور نہ ہی فلم کی تشہیر کے لیے کہا گیا۔‘

قانونی نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اداکارہ کو اس فلم کے لیے ادائیگی نہیں کی گئی اور نہ ہی کبھی کسی طرح کا معاہدہ کیا گیا تھا۔

ٹی سیریز کے سربراہ بھوشن کمار کا کہنا ہے کہ فلم کی ریلیز پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں اور وہ ڈیڑھ برس پہلے ہی فلم کے حقوق ایک تیسری کمپنی کو فروخت کر چکے ہیں۔

’آئی لو نیویارک‘ میں کنگنا کے ساتھ مرکزی کردار سنی دیول نے ادا کیا تھا اور فلمبندی کے چھ سال بعد آج کل اس کے پرومو اور گانے تمام چینلوں پر دکھائی دے رہے ہیں۔

اسی بارے میں