’راج کپور جھومتے جھومتے گر پڑے‘

تصویر کے کاپی رائٹ anand ji
Image caption کلیان جی آنند جی کا تعلق گجرات سے تھا

’کیا خوب لگتی ہو،‘ ’زندگی کا سفر،‘ ’مجھ کو اس رات کی تنہائی میں آواز نہ دو،‘ ’قسمیں وعدے پیار وفا‘ جیسے دل کو چھو لینے والےگیتوں کی دھن بنانے والے موسیقار کلیان جی ویر جی شاہ کا آج 87 واں یوم پیدائش ہے۔

عرف عام میں لوگ دونوں بھائیوں کو کلیان جی آنند جی کی جوڑی کے نام سے جانتے ہیں۔

اپنے بڑے بھائی کو یاد کرتے ہوئے ان کے چھوٹے بھائی آنند ويرجي شاہ نے بی بی سی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کامیاب گیتوں کا راز بتایا۔

گجرات میں كچھ کے كنڈروڈي میں پیدا ہونے والے كليان جي بچپن سے ہی موسیقار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے لیکن انھوں نے کسی استاد سے موسیقی کی تعلیم نہیں لی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ anand ji
Image caption کلیان جی بچپن سے ہی موسیقار بننا چاہتے تھے

آنند بتاتے ہیں: ’ہمارا خاندان بہت بڑا تھا، ایک کمرے اور ہال والے گھر میں ہم پانچ بھائی اور ان کے خاندان ملا کر کل 22 لوگ رہا کرتے تھے اور یہ خاندان ہی تھا جو بھائی کے لیے موسیقی کی ترغیب بنا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ anand ji
Image caption انھوں نے تقریباً ڈھائی سو فلموں کی موسیقی دی

کلیان جی جب بھی کسی فلم کے لیے کام کرتے تھے تو اس فلم کے اداکار، نغمہ نگار، اداکارہ، فلم ساز اور ہدایت کار کو ایک کمرے میں بٹھا کر دھن سنایا کرتے تھے اور ان سے اس نغمے کو بہتر بنانے کے لیے ان کی رائے جاننے کی کوشش کرتے تھے۔

وہ کہتے ہیں: ’آج بھی مجھے یاد ہے کہ کس طرح بڑے بھائی، مکیش، کشور اور مناڈے مستی مستی میں بہترین نغمے تیار کر لیا کرتے تھے۔‘

خیال رہے کلیان جی نے مکیش کے ساتھ جتنے بھی گیت بنائے وہ تمام اپنے زمانے کے ہٹ رہے۔ اتنا ہی نہیں سب سے زیادہ سولو گیت لتا نے کلیان جی آنند جی کے ساتھ گائے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ anand ji
Image caption ان کے گیت مکیش کے ساتھ زیادہ کامیاب ثابت ہوئے

آنند نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کی جوڑی ایک گیت کی دھن بنانے کے لیے کبھی دس دن تو کبھی 30 دن تو کبھی صرف پانچ منٹ ہی لیتی تھی۔

انھوں نے کہا: ’لتا منگیشکر چاہے کتنی ہی فلموں کے گیت گا رہی ہوں لیکن جب بھی کلیان بھائی لتا کو یاد کرتے وہ فوراً حاضر ہو جاتیں کیونکہ لتا کو بھائی پر مکمل اعتماد تھا۔

’ایک بار تو وہ بیماری کی حالت میں بھی فلم کورا کاغذ کے لیے آ گئی تھیں اور پانچ منٹ میں گیت گا دیا تھا۔‘

کلیان جی کے اس گیت ’میرا پڑھنے میں نہیں لاگے دل‘ نے لتا کو نیشنل ایوارڈ دلایا۔

تصویر کے کاپی رائٹ anand ji
Image caption راج کپور کلیان جی آنند جی کے ایک گیت کی دھن پر جھومتے جھومتے سٹیج پر گر پڑے

ان موسیقار بھائیوں کی جوڑی کے اداکار پرتھوی راج کپور، راج کپور راجندر کمار سے لے کر امیتابھ بچن سب سے اچھے تعلقات تھے۔

آنند جی بتاتے ہیں: ’سب ہمارے گھر آیا کرتے تھے، ڈھیر ساری باتیں کرتے مستی ہوتی، گانا بجانا ہوتا۔‘

لندن کا ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے آنند جی بتاتے ہیں کہ ’راج کپور، جو بھائی کے موسیقی کے دیوانے تھے، وہ ایک سٹیج شو کے دوران گیت ’ڈم ڈم ڈِگا ڈِگا‘ پر اس قدر جھومے کہ سٹیج پر سچ میں گر پڑے، تب بھائی نے انھیں اپنا ہاتھ دے کر اٹھایا، اس قدر تھا ہماری موسیقی کا جادو۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ anand ji
Image caption ان کا رشتہ پرتھوی راج سے لے کر امیتابھ بچن تک سب سے بہت دوستانہ تھا

كليان جي نے اپنے فلمی کریئر میں تقریباً 250 فلموں میں موسیقی دی اور ان کی آخری فلم ’تری دیو‘ تھی۔

فلم ’تری دیو‘ کے بعد انھوں نے آنند سے کہا تھا: ’بھائی ایسا لگتا ہے موسیقی کا یہ دھندا بند کرنا پڑے گا۔ ہم نے بہت کام کر لیا ہے اور اس فلم کا گیت ’اوئے اوئے‘ بہت چل بھی رہا ہے اب دیکھنا اس کے بعد کئی گیت اسی قسم کے آئیں گے جس اوے اوے اور نہ جانے کیسے کیسے الفاظ کا استعمال ہونے والا ہے۔‘

اسی بارے میں