’جن سے افیئر رہا ان پر شک کیا کرتے‘

تصویر کے کاپی رائٹ ANJU MAHENDROO

ایک دور وہ بھی تھا جب فلمی دنیا میں اداکار سنجیو کمار کا بڑا نام تھا اور انھوں نے اپنی اداکاری سے ایک عالم کو گرویدہ بنا رکھا تھا۔ آج یعنی نو جولائی کو ان کا 77 واں جنم دن ہے۔

اس موقعے پر ان کی بہت قریبی دوست اور منھ بولی بہن انجومہیندرو نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان سے وابستہ کئی دلچسپ باتیں بتائیں۔

انجو مہیندرو نے بتایا کہ سنجیو کمار ممبئی میں اپنا ایک بنگلہ خریدنا چاہتے تھے۔ جب بھی انھیں کوئی بنگلہ پسند آتا تو اس کے لیے پیسے جمع کرنا شروع کر دیتے لیکن تب تک اس کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا۔ یہ سلسلہ کئی برسوں تک چلا۔

انجو بتاتی ہیں: ’جب پیسہ جمع ہوا، گھر پسند آیا تو پتہ چلا کہ وہ مکان قانونی لڑائی میں پھنسا ہوا ہے۔ اس سے پہلے کہ یہ معاملہ سلجھے، چھ نومبر 1985 کو 47 برس کی عمر میں وہ چل بسے۔‘

سنجیو کمار کا اصلی نام ہری بھائي زري والا تھا اور قریبی لوگ انھیں ہري بھائي کہتے تھے۔

پردے پر اکثر سنجیدہ قسم کے کردار نبھانے والے سنجیو کماراصل زندگی میں بھی سنجیدہ انسان تھے۔

انجو کہتی ہیں: ’جن خواتین کے ساتھ بھی ان کا افیئر رہا ان پر سنجیو بہت شک کیا کرتے تھے۔ انھیں لگتا تھا کہ وہ انھیں نہیں بلکہ ان کی دولت کو چاہتی ہیں۔ اسی خیال کی وجہ سے ان کی شادی نہیں ہو پائی۔ میں ہري بھائي سے کہتی تھی کہ اگر کسی عورت پر بھروسہ نہیں کیا تو كنوارے ہی مر جاؤ گے؟ اور دیکھیے وہی ہوا۔‘

اپنے دور کے معروف ہدایت کار اور فنکارگرودت اور سنجیو کمارکی پیدائش ایک ہی تاریخ یعنی نو جولائی کو ہوئی تھی۔

اب اسے اتفاق ہی کہیں گے کہ گرو دت کی بے وقتی موت کے بعد پروڈیوسر ڈائریکٹر کے آصف اپنی فلم ’لو اینڈ گاڈ‘ کے لیےایک ایسے اداکار کو تلاش کر رہے تھے جو پردے پر اداکاری سےاپنی چھاپ چھوڑ جائے۔ اور انھیں وہ اداکار سنجیو کمار کی صورت میں مل گیا۔

سنجیو کمار اور کے آصف کا تعلق اس وقت جڑا تھا جب وہ اپنی ایک فلم ’سستا خون مہنگا پانی‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ کسی وجہ سے انھوں نے غصے میں سنجیو کمار کو اداکاری بھول کر گھر جانے کو کہہ دیا تھا۔

جب یہ فلم ریلیز ہوئی تب تک سنجیو کمار اور کے آصف دونوں کا انتقال ہو چکا تھا۔ اس فلم کو آصف کی بیوی اختر آصف نے مکمل کیا تھا۔

سنجیو کمار کو سکرین پر اپنی جوڑی جیا بچّن کے ساتھ پسند تھی، دونوں نے کئی فلمیں اکٹھے کیں۔ سنجیو کمار کےکرداروں کو دلیپ صاحب نے بھی کئی بار سراہا۔

وہ جب بھی کہتے کہ میں بھی جلد ہی چلا جاؤں گا تو انجو ان سے کہتیں: ’ہری چپ رہو۔ زیادہ پیا مت کرو، کھانے پینے کاخیال رکھو ،تمہیں کچھ نہیں ہو گا۔‘

اسی بارے میں