ہالی وڈ کے مشہور اداکار عمر شریف انتقال کرگئے

تصویر کے کاپی رائٹ unknown
Image caption عمر شریف نے اپنی آخری فیچر فلم میں سنہ 2013 میں کام کیا تھا

1960 کی دہائی میں ہالی وڈ کی معروف فلموں ’لارنس آف عریبیہ‘ اور ’ڈاکٹر ژواگو‘ سے شہرت پانے والے مصری اداکار عمر شریف انتقال کر گئے ہیں۔

ان کی عمر 83 برس تھی اور ان کے ایجنٹ سٹیو کینس کا کہنا ہے کہ جمعے کی دوپہر قاہرہ کے ہسپتال میں انھیں دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔

رواں سال کے آغاز میں ہی ان کے ایلزہائمرز میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

عمر شریف سنہ 1962 میں ہدایت کار ڈیوڈ لین کی کامیاب فلم ’لارنس آف عریبیہ‘ میں اداکاری کے بعد عالمی سطح پر مشہور ہوئے تھے۔

اس فلم میں شریف علی نامی شخص کا کردار ادا کرنے پر انھیں دو گولڈن گلوب ایوارڈ ملے تھے جبکہ اسی کردار کے لیے انھیں آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔

اس کامیابی کے بعد انھوں نے ڈیوڈ لین کی ہدایات میں ایک اور فلم ’ڈاکٹر ژواگو‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا جس پر انھیں ایک بار پھر گولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا تھا۔

عمر شریف نے اپنی آخری فیچر فلم میں سنہ 2013 میں کام کیا تھا۔

اسی بارے میں