وٹنی ہوسٹن کی اکلوتی بیٹی کرسٹینا براؤن انتقال کر گئیں

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کرسٹینا براؤن رواں سال 31 جنوری کو باتھ ٹب میں بے ہوش پائی گئیں تھیں

معروف امریکی گلوکارہ وٹنی ہوسٹن کی بیٹی بوبی کرسٹینا براؤن 22 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

ان کے خاندان کی نمائندہ کرسٹن فوسٹر نے بتایا کہ ’ان کا انتقال اتوار کو ہوا اور انتقال کے وقت ان کے اہل خانہ ان کے گرد موجود تھے اور اب وہ خدا کے ہاتھوں میں پرسکون ہیں۔‘

خیال رہے کہ کرسٹینا براؤن رواں سال 31 جنوری کو باتھ ٹب میں بے ہوش پائی گئیں تھیں اور اس کے بعد سے وہ طبی نگرانی میں کوما کی حالت میں تھیں۔ انھیں اس مدت میں کبھی بھی ہوش نہیں آیا۔

ایک ماہ قبل ان کی حالت کی خرابی کے بعد انھیں جورجیا کے شہر ڈولتھ میں طبی نگرانی میں گھر میں منتقل کر دیا گيا تھا۔

خیال رہے کہ کرسٹینا براؤن وٹنی ہوسٹن اور آر اینڈ بی گلوکار بابی براؤن کی اکلوتی اولاد تھیں۔

وٹنی ہوسٹن بھی سنہ 2012 میں لاس اینجلس کے ایک ہوٹل کے غسل خانے میں مردہ پائی گئی تھیں۔

کرسٹن فوسٹر نے بتایا: ’اپنے اہل خانہ کی موجودگی میں بابی کرسٹینا براؤن 26 جولائی سنہ 2015 کو وفات کر گئیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اپنی والدہ وٹنی ہوسٹن کے ساتھ کرسٹینا

’بالآخر اب وہ خدا کے ہاتھوں میں پرسکون ہیں۔ ہم ایک بار پھر سے تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنھوں نے گذشتہ چند ماہ کے دوران زبردست محبت اور تعاون فراہم کیا۔‘

لاس اینجلس میں بی بی سی کے نمائندے ریگن مورس کے مطابق کرسٹینا براؤن اپنے ماں کے نقش قدم پر چلنا چاہتی تھیں اور انھوں نے ٹی وی کے لیے بعض چھوٹے موٹے کردار بھی کیے تھے تاہم ابھی ان کا کریئر شروع نہیں ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق کرسٹینا براؤن اٹلانٹا کے ایک قصبے کے ایک گھر کے باتھ ٹب میں بے ہوش پائی گئی تھیں اور وہ منھ کے بل تھیں۔

وہ اس گھر میں نک گورڈن کے ساتھ رہتی تھیں جنھیں وہ اپنا شوہر کہتی تھیں۔

پولیس رپورٹ میں اس واقعے کو ڈوبنے کا واقعہ قرار دیا گیا ہے۔

مسٹر گورڈن نے بتایا کہ ایمرجنسی خدمات کی آمد سے قبل اس وقت ان کی سانسیں بظاہر نہیں چل رہی تھیں اور ان کی نبض بند تھی۔

براؤن کو اس کے بعد وینٹیلیٹر کی مدد سے زندگی رکھا گیا۔

اسی بارے میں