رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی کمائی لگاتار تیسرے سال سب سے زیادہ

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption رابرٹ ڈاؤنی جونیر لگاتار تیسری بار کمائی کے معاملے میں سر فہرست رہے

ہالی وڈ کے اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر لگاتار تیسری بار فوربز کی سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے اداکاروں کی فہرست میں اول آئے ہیں۔

آئرن مین کا کردار ادا کرنے والے رابرٹ نے گذشتہ سال آٹھ کروڑ ڈالر کمائے، جس میں ان کی فلم ’اوینجرز: ایج آف الٹرون‘ کا اہم تعاون رہا ہے۔

چین کے سٹار اداکار جیکی چین اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ گذشتہ سال ان کی کمائی پانچ کروڑ ڈالر رہی۔

وین ڈیزل چار کروڑ 70 لاکھ کے ساتھ تیسرے، بریڈلی کوپر چار کروڑ 15 لاکھ کے ساتھ چوتھے، ایڈم سینڈلر چار کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ ٹام کروز چار کروڑ امریکی ڈالر کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔

خیال رہے کہ پہلی بار اس فہرست میں ہالی وڈ کے باہر کے اداکاروں کو شامل کیا گیا ہے اور اس میں بالی وڈ کے تین سٹارز نے اپنی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption امیتابھ بچن اور سلمان خان ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں حالانکہ ان دونوں کی کمائی تین کروڑ 35 لاکھ پر برابر ہے

فوربز کی تازہ فہرست میں بالی وڈ کے سٹار امیتابھ بچن اور سلمان خان ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں، ان دونوں کی کمائی تین کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہی ہے۔

ان کے علاوہ بھارت کے اکشے کمار نویں نمبر پر ہیں جن کی گذشتہ سال کی کمائی کا تخمینہ تین کروڑ 25 لاکھ ڈالر لگایا گیا ہے۔

برطانیہ کے اداکار ڈینیئل کریگ 15 ویں نمبر پر آسٹریلیا کے سٹار کرس ہمز ورتھ کے ساتھ ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جیکی چین پانچ کروڑ امریکی ڈالر کی کمائی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں

اس فہرست میں شاہ رخ خان 18 ویں اور رنبیر کپور 30 ویں نمبر پر ہیں اور ان کی کمائی بالترتیب دو کروڑ 60 لاکھ اور ڈیڑھ کروڑ رہی۔

اس میں 34 سٹارز کا ذکر ہے جنھوں نے مجموعی طور پر جون سنہ 2014 سے جون سنہ 2015 کے درمیان 94 کروڑ دس لاکھ امریکی ڈالر کی کمائی کی ہے۔

خیال رہے کہ فوربز سنہ 1999 سے اس قسم کی فہرست جاری کر رہا ہے، لیکن اس کا کہنا ہے کہ اس بار اس نے امریکی معیار کی بجائے صحیح معنوں میں عالمی پیمانے کو سامنے رکھتے ہوئے یہ فہرست تیار کی ہے اور یہ فلمی دنیا کی زیادہ درست تصویر کشی ہے۔

اسی بارے میں