اداکارہ جینیفر اینسٹن نے شادی کر لی

تصویر کے کاپی رائٹ Ian WestPA Wire
Image caption غیر مصدقہ اطلاعات اور لیک ہونے والی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ شادی بدھ کی شام ہوئی

اطلاعات کے مطابق امریکی اداکارہ جینیفر اینسٹن اور ان کے بوائے فرینڈ جسٹن تھرو نے لاس اینجلس میں ایک خفیہ تقریب میں شادی کر لی ہے۔

چار سال سے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے والے اس جوڑے نے بیل ایئر میں اپنی حویلی میں شادی کی۔

دونوں کی منگنی تین سال سے چل رہی تھی اور اپریل میں جینفر اینسٹن نے عندیہ دیا تھا کہ وہ ایک خفیہ تقریب میں شادی کرنا چاہتی ہیں۔

اِن سٹائل میگزین کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ’اگر ہم سارے شور شرابے کے بغیر یہ کر سکیں تو یہ ہو جائے گی۔ جہاں کسی کام کو کرنے کی مرضی ہو تو اس کا راستہ نکل ہی آتا ہے۔‘

غیر مصدقہ اطلاعات اور لیک ہونے والی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ شادی بدھ کی شام ہوئی۔

صحافیوں اور عوام سے اس تقریب کو چھپائے رکھنے کے لیے انھوں نے حویلی کے باہر شامیانے لگا رکھے تھے۔ جسٹن تھرو ایک امریکی اداکار، مصنف اور ہدایتکار ہیں اور برطانوی فلمساز لوئس تھرو کے کزن ہیں۔

انھوں نے اداکار بن سٹلر کے ساتھ فلم زولینڈر 2 کی سکرپٹ پر کام کیا ہے جو کہ آئندہ سال ریلیز کی جائے گی اور حال ہی میں انھوں نے ایچ بی او پر دی لیفٹ اوورز میں کام کیا۔

یہ جینفر اینسٹن کی دوسری شادی ہے۔ وہ پانچ سال تک اداکار بریڈ پٹ کی بیوی تھیں اور 2005 میں ان کی طلاق ہوئی۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس شادی میں آنے والے اہم مہمانوں میں لیسا کڈرو، ایلن ڈی جنرس اور چیلسی ہینڈلر شامل تھیں۔

اسی بارے میں