ہومر کی شاہکار نظم ایلیڈ پر 15 گھنٹے کی پرفارمنس

تصویر کے کاپی رائٹ almeida theater
Image caption قدیم یونان کے شاعر ہومر کی مشہور رزمیہ نظم ایلیڈ میں ٹرائے کی جنگ کے بارے میں بیان کیا گیا ہے

لندن میں قدیم یونان کے شاعر ہومر کی ایک طویل نظم پر 15 گھنٹے پرفارم کیا گیا۔

قدیم یونان کے شاعر ہومر کی مشہور رزمیہ نظم ایلیڈ میں ٹرائے کی جنگ کے بارے میں بیان کیا گیا ہے۔

اس پروگرام میں 60 سے زائد اداکاروں نے حصہ لیا۔

پروگرام کا آغاز برطانوی میوزیم سے ہوا اور اختتام المیڈیا تھیٹر میں ہوا۔ اس پرفارمنس کو براہ راست آن لائن بھی دیکھا جا سکتا تھا۔

پروگرام کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ڈائریکٹر روپرٹ گولڈ نے کہا ’ کل ہم نے مل کر جنگ کی تھی، آج المیڈیا تھیٹر نے تمام افراد کو جنگجوؤں کا پیار بھیجا۔‘

پروگرام کی کاسٹ میں اداکار سائمن رسل، جان سم، بین وشاو اور برین کاکس شامل تھے۔

ہفتے کی صبح پروگرام شروع ہونے سے پہلے برطانوی میوزیم کے باہر لوگوں کی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔

حاضرین میں موجود ایما کول نے ٹوئیٹ کیا کہ ’ کون سوچ سکتا ہے کہ لوگ ایلیڈ کی 16 گھنٹے کی کہانی دیکھنے کے لیے قطاریں بنائیں گے۔‘

کیٹی سوئفٹ نے ٹوئیٹ کیا کہ ’ یہ بہت شاندار تھی میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ مجھے ایلیڈ تک رسائی ملے گی۔‘

وہ لوگ جو صرف پروگرام کی تصویریں دیکھنا چاہتے تھے ان کے لیے ’ایلیڈ لائیو‘ ٹویٹر اکاؤنٹ سے نظم کے اہم نکات کو 399 ٹویٹ میں پیش کیا گیا۔

یہ پروگرام اکتوبر تک جاری یونان کے المیڈا میلے کے حصے کے طور پر پیش کیا گیا ۔ میلے میں یونان کی قدیم اور موجودہ ثقافت پر بحث و مباحث اور اس کے ساتھ ساتھ قدیم یونانی ڈرامے اوریسٹیا ، باکھائی اور میڈیا پیش کیے جائیں گے۔

اسی بارے میں