عامر خان کس سے متاثر؟

Image caption ٹوئنکل کھنہ اور عامر خان نے ایک ساتھ فلم ’میلہ‘ میں اداکاری کی تھی لیکن وہ فلم زیادہ نہ چل سکی تھی

بالی وڈ کی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ ان دنوں اپنی اداکاری کے بجائے اپنی قلم کاری کے سبب توجہ کا مرکز ہیں۔ حال ہی میں بالی وڈ میں ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کے نام سے معروف عامر خان ان کی تعریف میں الفاظ کا دریا بہا رہے تھے۔

راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیہ کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ کا فلمی کریئر قدرے مختصر رہا اور اکشے کمار کے ساتھ شادی کے بعد انھوں نے ایک طرح سے فلم کو خیرآباد ہی کہہ دیا۔ لیکن انھوں نے اپنے لیے دوسرے شعبے کا انتخاب کیا اور وہ تھا لکھنے کا میدان۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

پہلے تو انھوں نے کالم لکھنا شروع کیا لیکن حال ہی میں ان کی پہلی کتاب ’مسز فنی بونز‘ آئی ہے جس کی تقریبِ رونمائی میں عامر خان اور کرن جوہر موجود تھے۔

عامر خان نے اس موقعے پر کہا: ’جب میں نے ان کے مضامین پڑھنے شروع کیے تو وہ مجھے بہت اچھے لگے، انھوں نے مجھے ہنسایا ان کی قوت متخلیہ اور ادراک کا میں قائل ہوا۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’مزاحیہ ہونا اور چیزوں کے بارے میں مخصوص حسیت رکھنا ایک بات ہے لیکن ان کو کاغذ پر اتار دینا اور قلمبند کرنا بہت آسان نہیں ہوتا۔‘

خیال رہے کہ دونوں نے ایک ساتھ فلم ’میلہ‘ میں اداکاری کی تھی لیکن وہ فلم زیادہ کامیاب نہیں ہوئی تھی۔

ٹوئنکل نے عامر کے بارے میں بتایا کہ کس طرح جب ڈائرکٹر نے ان کے کسی مشورے کو نہیں مانا تھا تو وہ ایک چٹان کے پیچھے جاکر روئے تھے۔

اکشے کمار اپنی آنے والی فلم سے پرامید

Image caption ’سنگھ از بلنگ‘ شاید ان کی فلم ’سنگھ از کنگ‘ کی کامیابی کو نظر میں رکھ کر بنائی گئی ہے

اکشے کمار اپنی فلم ’بردرز‘ کی کامیابی کے بعد اب اپنی آنے والی فلم ’سنگھ از بلنگ‘ کے بارے میں بہت پر امید ہیں۔

ان کی فلم ’بردرز‘ نے ایک ہفتے میں تقریبا 73 کروڑ کا بزنس کیا ہے لیکن وہ آنے والی فلم کو ایک سبق آموز فلم قرار دیتے ہیں۔

’سنگھ از بلنگ‘ شاید ان کی فلم ’سنگھ از کنگ‘ کی کامیابی کو نظر میں رکھ کر بنائی جا رہی ہے۔

اس فلم میں وہ ایک ایسے بیٹے کا کردار نبھا رہے ہیں جو اپنے والد کا فرماں بردار ہوتا ہے تاہم اس میں فوکس یعنی توجہ کی کمی ہوتی ہے۔

اکشے کمار نے کہا: ’اس میں یہ دکھایا گیا ہے کہ میں اپنے والد سے ہیمشہ ڈرتا ہوں۔ جب بھی والد سے بات کرتا ہوں تو چپ چاپ بیٹھ کر ان کی آواز سنتا ہوں۔ اور ان کی باتوں پر عمل کرتا ہوں۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’یہ ہماری تہذیب میں ہے کہ ہم اپنے والدین کی ہر بات مانیں۔ اس فلم میں میرے ساتھ جو مسئلہ دکھایا گیا وہ یہ ہے کہ مجھ میں فوکس کی کمی ہے۔ میرے خیال سے بہت سے لوگوں میں یہ مسئلہ ہوتا ہے۔‘

اس میں فوکس کو بنیاد بنایا گيا ہے اور یہی اس فلم سے سبق ملتا ہے۔

عالیہ اور شاہ رخ کو ایک ساتھ لانے کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE
Image caption عالیہ بھٹ فلموں سے زیادہ اپنی بیباکی کے لیے سرخیوں میں رہتی ہیں

کرن جوہر نے 22 سالہ عالیہ بھٹ اور اپنی 50 ویں سالگرہ منانے والے شاہ رخ خان کے ساتھ ایک فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

گوری شنڈے کی آنے والی فلم کے بارے میں ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں لیکن یہ ضرور ہے کہ عالیہ اور شاہ رخ دونوں کی عمر میں 28 سال کا فرق ہے۔

کیا فلم میں دونوں رومانس کر رہے ہوں گے؟ اس کا جواب تو ابھی سامنے نہیں آیا لیکن نامہ نگار کہتے ہیں کہ شاہ رخ عالیہ کے والد کا کردار تو ہرگز نہیں کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں ہیرو ہیروئن کی عمر کے فرق کو بہت زیادہ نہیں دیکھا جاتا۔ فلم ’کبالی‘ میں 64 سال کے رجنی کانت کے ساتھ 29 سال کی رادھیکا آپٹے تھیں جن کی عمر کا فرق 35سال ہے۔ خیال رہے کہ رجنی کانت نے دیپیکا پاڈوکون اور سوناکشی سنہا کے ساتھ بھی رومانٹک فلمیں کی ہیں اور یہ دونوں ہیروئنیں 30 سال سے بھی کم عمر کی تھیں۔

دلیپ کمار سے لے کر امیتابھ بچن اور عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان تینوں نے خود سے 20 سال کم عمر کی اداکارہ کے ساتھ کام کر رکھا ہے اس لیے بالی وڈ میں یہ کوئی نئی بات نہیں۔

البتہ حالیہ دنوں سلمان خان نے سنیل شیٹی کی بیٹی عطیہ شیٹی کو یہ مشورہ دیا تھا کہ وہ نوجوان اداکاروں کے ساتھ ہی کام کریں۔

اسی بارے میں