’ہندوستان میں جہالت یا غفلت پر پابندی کیوں نہیں؟‘

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE
Image caption سوناکشی سنہا ان دنوں اپنی فلم ریس 2 کی شوٹنگ کے لیے امریکہ میں ہیں

بالی وڈ کی اداکارہ سوناکشی سنہا نے سوال اٹھایا ہے کہ ہندوستان میں جہالت یا غفلت پر پابندی کیوں نہیں ہے۔

انھوں نے بھارت میں آئے دن پابندیوں کے مد نظر یہ ٹویٹ کیا ہے اور ہندوستان کو ’بین ستان‘ بتایا ہے۔

سوناکشی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے: ’جہالت یا غفلت پر پابندی کیوں نہیں ہے؟ آسام کے سیلاب متاثرین کا کیا ہوا؟ترجیحات طے کی جائیں، ترجیحات۔‘

سوناکشی سنہا ٹویٹر پرٹرینڈ کر رہی ہیں اور انھیں بہت سے لوگوں کی جانب سے سخت مخالفت کا سامنا ہے۔

اس سے قبل اداکارہ سونم کپور نے بھی گوشت کی فروخت پر لگائی جانے والی پابندی کے خلاف ٹویٹ کیا تھا۔

سوناکشی کے اس ٹویٹ کو بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں گوشت کی فروخت پر پابندی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے حالانکہ کہ انھوں نے براہ راست اس پر کچھ نہیں کہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سونم کپور نے اپنے ٹویٹ کے جواب میں ناقدین کو بہت سخت سست کہا ہے

ایک اور ٹویٹ میں سوناکشی نے لکھا ہے: ’یہ ایک آزاد ملک ہے! بین ستان میں خوش آمدید ... میرا مطلب بھارت ... سٹوپڈ خودساختہ درست۔‘

ممبئی کے مضافات میرا بھيندر میں جین مسلک پر چلنے والی برادری کے تہوار کے دوران ممبئی کی میونسپل کارپوریشن نے آٹھ دنوں کے لیے گوشت کی فروخت پر مکمل طور پر پابندی لگا دی ہے۔

اس پابندی کے دوران مرغ اور بکرے سمیت کسی بھی طرح کا گوشت فروخت نہیں ہو سکے گا۔ پابندی کی وجہ سے ریاست میں بی جے پی اور اس کی اتحادی پارٹی شیوسینا میں اختلافات پیدا ہو گیا ہے۔

مہاراشٹر کی بی جے پی حکومت نے ریاست میں بیف پر پہلے ہی مکمل پابندی لگا رکھی ہے۔

سونم کپور نے منگل کو لکھا تھا: ’چند غیر روادار، خواتین سے نفرت کرنے والے تنگ نظر لوگوں کی وجہ سے ہندوستان ہمیشہ تیسری دنیا ہی رہے گا۔‘

اسی بارے میں