’ون ڈائریکشن کا کنسرٹ منسوخ، مداح روتے ہوئے واپس گئے

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption بینڈ کے رکن لائم پیانے کے بیمار ہونے کی وجہ سے آخری لمحات میں کنسرٹ منسوخ کر دیا گیا

برطانیہ کے مشہور پوپ گروپ ’ون ڈائریکشن‘ نے بیلفاسٹ میں ہونے والا کنسرٹ آخری لمحات میں یہ کہہ کر منسوخ کر دیا ہے کہ بینڈ کے رکن لائم پین بیمار ہیں اور وہ سٹیج پر پرفارم نہیں کر سکتے ہیں۔

بینڈ نے منگل کو پرفارم کرنا تھا لیکن کنسرٹ منسوخ کرنے کا اعلان اُس وقت ہوا، جب کئی شائقین کنسرٹ دیکھنے کے لیے ایرینا پہنچ چکے تھے۔

منسوخی کے اعلان کے بعد مایوس شائقین کو جب ایرینا خالی کرنے کو کہا گیا تو ایک عینی شاہد کے مطابق ’سینکڑوں‘ خواتین اور لڑکیاں روتی ہوئی باہر نکلیں۔

کنسرٹ کی پروموشن کرنے والی پبلک ریلشینز ایجنسی کا کہنا ہے کہ ’آج کا شو اس لیے منسوخ کرنا پڑا کیونکہ لائم بیمار ہیں، گو کہ وہ بہت شدید بیمار نہیں لیکن وہ سٹیج پر پرفارم کرنے کے قابل نہیں ہیں۔‘

شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ مزید معلومات آنے تک اپنی ٹکٹ سنبھال کر رکھیں۔ کنسرٹ کے بارے میں کسی قسم کا بیان بدھ کی صبح متوقع ہے۔

میوزک بینڈ کی جانب سے اعلامیے میں معذرت کی گئی ہے۔

ٹویٹر پر ہیری سٹائلز نے کہا کہ ’بیلفاسٹ کے شو کے تمام افراد سے بہت زیادہ معذرت، بہت مایوس کن ہے لیکن بدقسمتی سے ایسی چیزیں ہوتی ہیں۔ ہم بہت معذرت خواہ ہیں۔‘

اسی بارے میں