بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی پرفارمنس روکنے کی کوشش

Image caption سنیچر کی شب کو گڑگاؤں میں پاکستانی تھیٹر ’ماس فاؤنڈشن‘ کی جانب سے کھیل ’بانجھ‘ پیش کیا گیا تھا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کےنواہی علاقے گڑگاؤں میں پاکستانی فنکاروں کی تھیٹر پرفارمنس کو مبینہ طور پر پاکستان مخالف نعروں کے باعث روکنا پڑا۔

’شیو سینا کے ڈی این اے میں نفرت‘

شیو سینا کا بی سی سی آئی ہیڈکواٹر پر حملہ

میزبان کا چہرہ سیاہ کرنے سے تقریب نہ رک سکی: ویڈیو رپورٹ

خیال رہے کہ حال ہی میں بھارت میں کٹر ہندو جماعتشیو سینا کی پاکستان کے کھلاڑیوں، فنکاروں اور ادیبوں مخالفت میں شدت آئی ہے۔

سنیچر کی شب کو گڑگاؤں میں پاکستانی تھیٹر’ماس فاؤنڈشن‘ کی جانب سے کھیل ’بانجھ‘ پیش کیا گیا تھا۔

گڑگاؤں سے تھیٹر گروپ کے چیف ایگزیکٹیو عامر نواز نے فون پر بات کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ پرفارمنس کے دوران ہال میں موجود چند افراد نے اچانک اٹھ کر پاکستان مخالف نعرے بازی شروع کر دی اور انھوں نے کھیل کو روکنے کی کوشش کی۔

عامر نواز کا کہنا تھا کہ اس دوران کھیل پانچ سے دس منٹ تک روکنا پڑا تاہم انتظامیہ اور سکیورٹی عملے نے انھیں فوری طور پر وہاں سے نکال دیا۔

انھوں بتایا کہ ’کھیل دس منٹ کے وفقے کے بعد دوبارہ شروع ہوگیا اور اس دوران انتظامیہ کی جانب سے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔‘

عامر نواز کا کہنا تھا کہ ’یہ پانچ سے دس افراد تھے جنھوں نےکھیل میں خلل ڈالنے کی کوشش کی لیکن وہاں بیشتر حاضرین کھیل ختم ہونے کے بعد ہم سے انتہائی اچھے انداز میں پیش آئے اور معذرت بھی کی۔‘

گڑگاؤں میں پیش کیا گیا کھیل ‘بانجھ‘ پاکستان اور بھارت سے متعلق ہے جس میں یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ دونوں ممالک خطے میں خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

عامر نواز کے مطابق سات فنکاروں پر مشتمل ان کا گروپ گڑگاؤں کے بعد اب وہ نئی دہلی میں تھیٹر پروگرام پیش کرے گا۔

ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی فنکار تھیٹر پرفارم کر رہے تھے جب مبینہ طور پر شیو سینا سے تعلق رکھنے والے چند افراد نے کھیل روکنے کی کوشش کی۔

این ڈی ٹی وی نےڈپٹی کمشنر پولیس دیپک شران کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اگرچہ ابھی تک منتظمین کی جانب سے ان کے پاس کوئی شکایت درج نہیں کروائی تھی تاہم وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس گاڑی کا رجسٹریشن نمبر جاننے کی کوشش کر رہے ہیں جسے پرفارمنس میں خلل ڈالنے والے افراد نے استعمال کیا۔

اسی بارے میں