پیرس حملوں کے بعد راک بینڈز نے اپنے کنسرٹ منسوخ کر دیے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption یو 2 راک بینڈ نے پیرس کے بٹاکلان کانسرٹ ہال جا کر متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا

موٹر ہیڈ، کولڈ پلے، فو فائٹرز اور یو2 نامی راک بینڈز نے پیرس میں ہونے والے حملوں کے بعد اپنی آئندہ کی پرفارمنسز منسوخ کر دی ہیں۔

فو فائٹرز نے پیر کو پیرس میں پرفارم کرنا تھا لیکن اب انھوں نے ’اس دردناک تشدد‘ کے بعد یورپ میں اپنی آئندہ کی پرفارمنسز کو منسوخ کر دیا ہے۔

ایک مسلمان نے دو خواتین کی جان بچائی

کیا یہ یورپ کے خلاف اعلان جنگ ہے؟

راک بینڈ موٹر ہیڈ جنھوں نے فرانس کے دارالحکومت میں اتوار کو کنسرٹ کرنا تھا لیکن اب وہ وہاں جنوری میں پرفارم کریں گے۔ جبکہ کولڈپلے نے لائیو سٹریم کنسرٹ کو بھی پیرس میں ہونے والے ان بڑے حملوں کے تناظر میں اسے منسوخ کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ جمعے کو ہونے والے ان حملوں میں کنسرٹ ہال سمیت سٹیڈیم ، ریستوران اور بارز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ان حملوں کے نتیجے میں 129 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 89 افراد کو بٹاکلان کنسرٹ ہال میں اس وقت مارا گیا جب وہاں امریکی بینڈ ’ایگلز آف ڈیتھ میٹل‘ پرفارم کر رہا تھا۔

فو فائٹرز نے اپنے فیس بک صفحے پر لکھا ہے کہ ’پیرس میں دل دہلا دینے والے ان حملوں کی وجہ سے جو سب کے لیے باعث تشویش اور دردناک ہیں ہمیں مجبوراً اپنے دورے کو منسوخ کرنا پڑ رہا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو زخمی ہوئے یا ان کے پیارے ان سے جدا ہوگئے۔‘

اسی بارے میں