ہالی وڈ سٹار چارلی شین ایچ آئی وی کا شکار

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption چارلی شین نے پروگرام میں کہا: ’مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے آج میں نے اپنے آپ کو اس قید سے رہا کر دیا ہے‘

ہالی وڈ کے مشہور سٹار چارلی شین نے ایک امریکی ٹی وی پروگرام میں کہا ہے کہ وہ ایچ آئی وی کا شکار ہیں۔

انھوں نے کہا: ’میں یہاں اعتراف کرنے آیا ہوں کہ میں ایچ آئی وی سے متاثر ہوں۔‘

ہالی وڈ میں کوئی دلچسپی نہیں: سلمان خان

کونسا سوال انوشکا کو پسند نہیں؟

شین کے اعلان سے میڈیا کی جانب سے حالیہ دنوں میں جاری قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔

مشہور مزاحیہ ڈرامے ’ٹو اینڈ اے ہاف مین‘ کے سابق سٹار نے اپنی بیماری کا اعلان این بی سی کے ’ٹوڈے پروگرام‘ میں شرکت کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے پروگرام کے میزبان میٹ لائر سے کہا کہ انھوں نے لوگوں کو اپنی بیماری کا انکشاف کرنے سے روکنے کے لیے ’کئی لاکھ ڈالر‘ خرچ کیے ہیں۔

انھوں نے کہا: ’مجھے اپنے خلاف جھوٹے الزامات ختم کرنے ہیں۔‘

چارلی شین نے کہا کہ ان کی بیماری کی تشخیص چار سال قبل کی گئی تھی۔

انھوں نے کہا کہ جب انھوں نے اپنے دوستوں کے سامنے یہ انکشاف کیا تھا کہ وہ ایچ آئی وی سے متاثر ہیں تو ’سچ غداری میں بدل گیا‘ جس کے نتیجے میں انھیں ’استحصال اور بلیک میل‘ کا شکار بنایا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سنہ 2011 میں ’ٹو اینڈ اے ہاف مین‘ کے کامیڈی پروگرام کے سٹار ہونے کے بل بوتے پر وہ ٹی وی سِٹ کامز کے سب سے زیادہ پیسے کمانے والے اداکار بن گئے تھے

انھوں نے مزید کہا: ’میں نے اُن پر بھروسہ کیا کیوونکہ وہ میرے قریبی دوست تھے اور میں سمجھتا تھا کہ وہ میری مدد کریں گے۔ لیکن میرا بھروسہ ان کی غداری میں بدل گیا۔‘

شین نے کہا کہ ایک جسم فروش خاتون نے ان کی ادویات کی تصویر کھینچ کر اسے اخبارات میں فروخت کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

انھوں نے کہا: ’مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے آج میں نے اپنے آپ کو اس قید سے رہا کر دیا ہے۔‘

شین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ شراب اور نشے کا زیادہ استعمال ان کی جانب سے ’برا فیصلہ‘ تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ ا نھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ’ناممکن‘ ہے کہ ایچ آئی وی کی بیماری ان سے کسی اور کو لگی ہو۔

مشہور اداکار شین نے کہا کہ انھیں یہ نہیں معلوم کہ انھیں یہ بیماری کہاں سے لگی لیکن انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ انھیں اس وبا سے منسلک کسی قسم کے بدنام خیالات کی پروا نہیں ہے۔

چارلی شین کو 80 کی دہائی میں ’پلاٹون‘ اور ’وال سٹریٹ‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کرنے کے بعد بہت شہرت ملی تھی۔

اسی بارے میں