ہالی وڈ میں کوئی دلچسپی نہیں: سلمان خان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ’پریم رتن دھن پایو‘ نے چند دنوں میں ہی 250 کروڑ کا بزنس کر لیا ہے

بالی وڈ کے سپر سٹار سلمان خان کا کہنا ہے کہ ہالی ووڈ کی فلمیں کرنے میں انھیں کوئی دلچسپي نہیں ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے ممبئی میں اپنی نئی فلم ’پریم رتن دھن پايو‘ سے منسلک ایک پروگرام میں کہا: ’میں یہیں خوش ہوں۔ میں نے یہاں عزت کمائی ہے اور اسے حاصل کرنے میں مجھے وقت لگا ہے۔‘

انھوں نے کہا: ’مجھے وہاں (ہالی وڈ میں) پھر سے کام کرنا ہو گا اور عزت کمانی ہوگی۔

تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’اگر ہمارے مزاج سے ہم آہنگ کوئي فلم ہوگی تو پھر دیکھا جائے گا۔ لیکن فی الحال ہالی وڈ فلمیں کرنے میں میری کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘

اس سے قبل بھی کئی بار سلمان خان ہالی وڈ میں جانے کے سوال پر اسی قسم کے جواب دیتے رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ big boss twitter page
Image caption سلمان خان ان دنوں ریئلٹی شو بگ باس کی بھی میزبانی کر رہے ہیں

سلمان خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ’بھارتی فلم انڈسٹری خود اس قدر بڑی ہو جائے کہ ہالی وڈ سے اس کا موازنہ ہی نہ کیا جائے۔‘

رواں سال مئی میں سلمان خان کی تعریف کرتے کرتے ہالی وڈ کے سٹار سلویسٹر سٹالن نے ایک ساتھ ایک ایکشن فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا پھر اپنے اگلے ٹوئیٹ میں ’ایکسپینڈیبلز‘ کی اگلی سیریز میں ساتھ کام کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

اس سے قبل سلمان خان نے اپنے مداحوں سے کہا تھا کہ وہ سلویسٹر سٹالن کو فالو کریں اور ان کے لیے انھوں نے ’ہیرو کا ہیرو‘ جیسے الفاظ استعمال کیے۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر پر سلمان خان کے تقریباً ڈیڑھ کروڑ مداح ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ان دنوں سلمان خان کا کسی فلم میں ہونا ہی اس کی کامیابی کی ضمانت تصور کیا جاتا ہے

’ریمبو‘ کی شہرت رکھنے والےسلویسٹر سٹالن نے سلمان کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا: ’میں سپر ٹیلنٹڈ ہندوستانی سپر سٹار سلمان خان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے اپنے ٹویٹ میں مجھے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ہمیں ایک ساتھ ایک ایکشن فلم کرنی چاہیے۔‘

لیکن ابھی ممبئی میں اپنی فلم ’پریم رتن دھن پايو‘ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

سورج بڑجاٹيا کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم ہندوؤں کے معروف تہوار دیوالی کے موقعے پر ریلیز ہوئی تھی اور اس نے اب تک پوری دنیا میں تقریباً 250 کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے۔

ان دنوں سلمان خان کا کسی فلم میں ہونا ہی اس کی کامیابی کی ضمانت تصور کیا جاتا ہے۔

اسی بارے میں