بولڈ سین پر سینسر بورڈ بیدار

تصویر کے کاپی رائٹ MGM Columbia Eon
Image caption شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ سینسر بورڈ کو سین کی طوالت طے کردینی چاہیے

بالی وڈ کی فلموں میں بے باک مناظر اور نیم برہنہ لباس پہنے کا رواج خاصا پرانا ہے اور اس طرح کی فلمیں سینسر بورڈ کی نظروں سے گزر کر سنیما گھروں تک بھی پہنچ جاتی ہیں۔ اس طرح کی بے شمار فلمیں بطور مثال پیش کی جا سکتی ہیں۔

اب معلوم نہیں اچانک سینسر بورڈ کی روح کیسے بیدار ہو گئی کہ جیمز بانڈ کی فلم ’سپیکٹر‘ میں ایک کسنگ سین پر اعتراض جڑ دیا گیا۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

بورڈ کا کہنا ہے کہ سین خاصا لمبا ہے۔ فلم میں اس طویل کسنگ سین کو ختم نہیں بلکہ چھوٹا کر دیا گیا۔ سینسر بورڈ کے اس اعتراض پر کسی نے تنقید کی تو کسی نے مذاق اڑایا۔ ان میں سے ایک بالی وڈ کی نامور اداکارہ شبانہ اعظمی بھی ہیں۔

شبانہ نے اس فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا سینسر بورڈ کے خیال میں 50 سیکنڈ کا بوسہ دکھانا مناسب ہے؟ ویسے میرے خیال میں سینسر بورڈ کو آئندہ کے لیے یہ واضح کر دینا چاہیے کہ فلموں میں کتنے سیکنڈ تک کسنگ سین دکھایا جا سکتا ہے۔

سلمان کو بتانے سے خوف

تصویر کے کاپی رائٹ T Series
Image caption ’ہیٹ سٹوری تھری‘ چار دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے

ویسے بولڈ فلموں کے ذکر سے یاد آیا کہ بالی وڈ میں اسی طرح کی ایک اور ریکارڈ توڑ فلم ’ہیٹ سٹوری تھری‘ بھی تیار ہے اور جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔

یہ فلم کتنی بولڈ ہوگی اس بات کا انداز آپ یوں لگا سکتے ہیں کہ فلم کی ہیروئن زرین خان جو سلمان خان کی قریبی دوست ہیں، سلمان کو ہی اس فلم کے بارے میں بتانے سے ڈر رہی تھیں کہ وہ کیا سوچیں گے۔

فلم میں ان کے ساتھ ہرمن جوشی اور کرن سنگہ گروور ہیں۔ کرن سنگھ گروور بپاشا باسو کے ساتھ فلم ’الون ‘ میں پہلے ہی اس طرح کے بے باک مناظر کی پریکٹس کر چکے ہیں۔

فلم چار دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے فلم کے ٹریلرز دیکھ کر لگتا ہے کہ سینسر بورڈ یا تو چھٹی پر ہے یا پھر فلم کے ہاٹ مناظر 50 سکینڈز سے کم رکھے گئے ہیں۔

شلپا شیٹی واپسی کی تاک میں

Image caption 40 سال کی شلپا فلموں سے تو دور تھیں لیکن ٹی وی ریئلٹی شوز میں اکثر نظر آتی رہی ہیں

ایک زمانے میں یوپی بہار لوٹنے والی شلپا شیٹی جو سنہ 2009 میں ایک بڑے تاجر راج کندرا کے ساتھ شادی کرنے کے بعد فلموں سے دور ہو گئی تھیں اب دوباہ فلموں میں واپس آنے کی تاک میں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی فلموں میں واپس آنے والی ہیں۔ حال ہی میں اپنی کتاب کی رونمائی کی تقریب میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شلپا نے کہا کہ وہ صرف ایک اچھی سکرپٹ کی منتظر ہیں۔

40 سال کی شلپا فلموں سے تو دور تھیں لیکن ٹی وی ریئلٹی شوز میں اکثر نظر آتی رہی ہیں۔

ویسے شلپا کو اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ تقریباً آٹھ سال پہلے جب وہ باقاعدہ ہیروئن بن کر آ رہی تھیں تب بھی یو پی اور بہار وہ صرف گانوں کی حد تک ہی لوٹ پائی تھیں۔

’محبت ہے کیا چیز ہم کو بتاؤ‘

تصویر کے کاپی رائٹ spice
Image caption فلم تماشا کے پروموشن پر رنبیر کپور اور دیپکا ایک دوسرے کے بارے میں ایسی باتیں کہہ دیتے ہیں کہ لوگ سوچتے رہ جائیں

اداکارہ دیپکا پاڈوکون کا کہنا ہے کہ آپ محبت لفظ کی کوئی تشریح نہیں کر سکتے کیونکہ محبت ایک جذبہ ہے۔

دیپکا کو شکایت ہے کہ رنبیر اور وہ ایک دوسرے کے بارے میں جو کہتے ہیں اس کا غلط مطلب نکال کر دوسرے انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

دیپیکا اور رنبیر کپور آج کل اپنی فلم ’تماشا‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں اور اکثر وہ ایک دوسرے کے بارے میں بڑی اچھی اچھی باتیں کرتے نظر آتے ہیں اب اگر دیپکا کہیں ’آئی لو رنبیر‘ اور جواب میں رنبیر بھی کہیں ’آئی لو دپیکا‘ تو بھولے عوام کیا سمجھیں۔

دیپیکا کہتی ہیں کہ اس طرح کی دوستی یا رشتہ طویل عرصے کے ساتھ اور دوستی کے بعد بنتا ہے جو ان کے اور رنبیر کے درمیان ہے۔

اب واضح طور پر کچھ کہا نہیں جا سکتا کہ یہ دونوں صرف اپنی فلم کا پروموشن کرنے کے لیے ایسی باتیں کر رہے ہیں یا پھر ماضی اپنے آپ کو دہرا رہا ہے؟

ایسی بھی دوستی!

تصویر کے کاپی رائٹ RED CHILLIES
Image caption شاہ رخ اور کجول کی جوڑی بالی وڈ کی مشہور جوڑیوں میں شامل ہے

ویسے یہاں ایک اور اٹوٹ دوستی کی بات کرتی چلوں اور یہ دوستی ہے شاہ رخ اور کاجول کی یہ دونوں بھی اپنی فلم ’دل والے‘ کی پروموشن کے دوران کچھ اسی طرح کی باتیں کرتی نظر آ رہے ہیں لیکن کچھ میچیور انداز میں۔

17 نومبر کو اپنی فلم کے نئے گانے کے لانچ کے موقعے پر شاہ رخ نے کہا کہ کاجول کو دوست کہنا ذرا مشکل لگتا ہے۔ شاہ رخ کہتے ہیں کہ ان کی دوستی کو تقریباً 25 سال ہو گئے ہیں اور ہمارا رشتہ اب کافی مضبوط اور گہرا ہو گیا ہے۔

اب کاجول ان کے ساتھ فلم کر رہی ہوں یا نہیں وہ ہمیشہ ان کا خیال رکھیں گے۔ کیونکہ ان کے درمیان احترام اور محبت کا رشتہ ہے۔ شاہ رخ کو چاہیے کہ اس طرح کے جذبات کا اظہار کرنے سے پہلے ذرا دیوگن بھائی کا خیال کر لیں۔

اسی بارے میں