’یہ تھپڑ بہت مہنگا پڑے گا‘

Image caption گووندا کو عدالت نے معافی مانگنے کے لیے کہا ہے لیکن گووندا اس کے لیے تیار نہیں ہیں

پردۂ سیمیں پر ’زناٹے دار تھپڑ‘ جڑنے والا کوئي اداکار جب اصل زندگی میں ایسا کرتا ہے تو اس سے نہ صرف ان کی شبیہ خراب ہوتی ہے بلکہ کئی بار انھیں عدالتوں کے چکر بھی لگانے پڑ جاتے ہیں۔

اس کا تازہ مثال بالی وڈ اداکار گووندا ہیں جنھوں نے سنہ 2008 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران اپنے ایک مداح کو تھپڑ رسید کر دیا اور اس معاملے میں انھیں عدالت نے مدعی سے معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔

بالی وڈ کے بہت سے دوسرے سٹارز بھی اپنے تھپڑ رسید کرنے کے سبب شہ سرخیوں میں آ چکے ہیں جن میں سیف علی خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی شامل ہیں۔ بی بی سی ہندی کی سوپریہ سوگلے نے ایسے اداکاروں پر ایک نظر ڈالی ہے۔

اداکار سیف علی خان نے سنہ 2012 میں بیرون ملک رہنے والے ایک بھارتی کو تھپڑ جڑ دیا تھا۔ دراصل، ’چھوٹے نواب‘ اپنی بیگم کرینہ کپور کے ساتھ ایک فائیو سٹار ہوٹل میں تھے، وہیں ان کی نوك جھوك ’این آر آئی‘ اقبال شرما سے ہو گئی۔

Image caption سیف علی خان کے خلاف ایک ذیلی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے

یہ نوك جھوك ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی اور مبینہ طور پر سیف نے اقبال کی ناک پر گھونسا رسید کر دیا۔ پولیس میں مار پیٹ کا معاملہ درج ہونے پر سیف کو ان کے دو دوستوں کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا، بعد میں انھیں ضمانت پر چھوڑ دیا گيا۔

فی الحال کیس ایک ذیلی عدالت میں جاری ہے۔

گلوکار میکا سنگھ نے سنہ 2015 کے آغاز میں ہی دہلی میں ہونے والے ایک کنسرٹ میں ایک ڈاکٹر کو مارا تھا اور ان کا معاملہ بھی ایک ذیلی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

اداکار آدتیہ پنچولی بھی تھپڑ مارنے کے معاملے میں پیچھے نہیں ہیں۔ ان کے نام ایک دو بار نہیں بلکہ تین بار تھپڑ رسید کرنے کے الزام ہیں۔

انھوں نے فلم ’باجي راؤ مستانی‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک جونیئر آرٹسٹ کو مبینہ طور پر تھپڑ رسید کر دیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ spice
Image caption آدتیہ پنچولی پر کئي بار ہاتھا پائی کے الزام لگے ہیں

دوسری بار جب ایک ہوٹل میں ہندی گانا بجانے کی آدتیہ کی فرمائش کو نظر انداز کردیا گیا تو ڈی جے سے ان نوك جھوك ہوئی، جسے حل کرنے کے لیے وہاں موجود باؤنسر کو بلایا گيا۔ اطلاعات کے مطابق آدتیہ پنچولی نے با‎‎‌‎‎‏‎ؤنسر کے سر پر اپنا موبائل ہی دے مارا۔

تھپڑ مارنے والوں کی اس فہرست میں جان ابراہم کا نام بھی شامل ہے۔ انھوں نے ایک خاتون مداح کو منگلور میں زیورات کے ایک شوروم کی افتتاحی تقریب میں مبینہ طور پر تھپڑ جڑ دیا تھا۔

سلمان خان اپنے غصے کے لیے بھی معروف ہیں۔ ان کے اس تیور کئی لوگ شکار ہو چکے ہیں۔

سنہ 2014 میں ان کا ایک مداح ان سے لپٹ گیا جسے سلمان سے علیحدہ کرنے کے دوران ان کے محافظ نے مداح کو دھکا دے دیا، جس سے اس کے کندھے میں چوٹ لگ گئی۔ اس واقعے پر سلمان اپنے باڈی گارڈ پر برس پڑے اور چانٹا رسید کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ image smith
Image caption سلمان خان کے غصے کی زد میں کئی لوگ آ چکے ہیں

اس سے قبل سنہ 2013 میں جب ایک مداح نے اپنے موبائل سے سلمان کی تصویر لینی چاہی، تو سلمان نے اس فین کا موبائل چھین کر پھینک دیا۔

فلمی ذرائع کے مطابق سلمان ہدایت کار سبھاش گھئی کو بھی تھپڑ جڑ چکے ہیں اور پھر انھوں نے اپنے والد سلیم خان کے کہنے پر گھئی سے معافی بھی مانگی۔

اس معاملے میں شاہ رخ خان بھی پیچھے نظر نہیں آتے۔ انھوں نے اپنی عزیز دوست فرح خان کے شوہر ڈائریکٹر سريش كندیر کو ایک پارٹی میں چانٹا رسید کر دیا تھا۔

یہ واقعہ ٹویٹر پر ٹرینڈ کرتا رہا اور اس کے بعد فرح اور شاہ رخ کے درمیان ایک عرصے تک دوریاں نظر آئي تھیں۔

اسی بارے میں