غلطی سے دو منٹ کے لیے مِس یونیورس کا تاج

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption غلطی سے تھوڑی دیر کے لیے ملکۂ کائنات 2015 کا تاج مس کولمبیا کے سر سجا دیا گيا

ایک چھوٹی سی بھول کے بعد فلپائن کی اداکارہ، ماڈل اور مس فلپائن پیا الونزو ورٹزباخ کو حسینۂ کائنات منتخب کیا گیا ہے۔

امریکہ کے شہر لاس ویگس میں مس یونیورس کا 64واں مقابلۂ حسن یکے بعد دیگرے کئی حادثات کے بعد اتوار کی شب کو مکمل ہوا۔

سپین کی لالہ گنا رویو نئی حسینہِ عالم

’میں تو تاج واپس نہیں کروں گی‘

حسن کے مقابلۂ کائنات کے میزبان نے غلطی سے پہلے مس کولمبیا کے نام کا اعلان کر دیا تھا۔

مس کولمبیا ابھی اپنی خوشی کا پورے طور پر اظہار بھی نہیں کر پائی تھیں اور اپنے مداح کا شکریہ ہی ادا کر ہی رہی تھیں کہ انھیں یہ بتایا گیا کہ وہ مس یونیورس نہیں ہیں۔

اس کے بعد انھیں اپنا تاج اتارنا پڑا اور پھر اسے مس فلپائن کو پہنایا گیا جبکہ اوکلاہوما کی اولیویا جورڈن تیسرے مقام پر رہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption پھر کولمبیا کی ہی سابق ملکۂ کائنات نے تاج مس فلپائن کے سر سجایا

اس سے قبل لاس ویگاس میں جس ہوٹل اور کسینو میں یہ مقابلہ جاری تھا اس کے باہر ایک موٹر کار پیدل چلنے والوں پر دوڑ گئی جس میں ایک شخص ہلاک اور 37 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے پیرس ہوٹل اور پلینٹ ہالی وڈ کے احاطے میں کار کا یہ حادثہ دانستہ عمل ہو سکتا ہے اور اس کے بارے میں جانچ کی جا رہی ہے۔

مس کولمبیا 21 سالہ ارياڈنا گوٹيریز کے سر پر مس یونیورس کا تاج محض دو منٹ تک رہا کہ میزبان سٹیو ہاروے نے اعلان کیا کہ انھوں نے غلطی سے فاتح کے طور پر ان کے نام کا اعلان کر دیا تھا۔ انھوں نے اس کے لیے معافی بھی طلب کی۔

سٹیو ہاروے کو جب اپنی غلطی کا احساس ہوا تو انھوں نے کہا: ’دوستو، مجھے معاف کیجئے گا۔ دراصل مس کولمبیا فرسٹ رنرز اپ ہیں۔ فاتح نہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جرمنی اور فلپائن کی اداکارہ اور رواں سال کی ملکۂ کائنات مقابلے کی فاتح پیا الونزو نے اس غلطی کو اپنے انداز میں لیا

اس کے بعد کولمبیا کی ہی سابق ملکۂ کائنات پالينا ویگا نے مس کولمبیا کے سر سے تاج اتار کر مس فلپائن پیا الونزو کے سر پر سجا دیا۔

فاکس ٹی پر براہ راست نشر کیے جانے والی اس تقریب کو کروڑوں ناظرین نے دیکھا۔

بعد میں ٹوئٹر پر سٹیو ہاروی نے مس کولمبیا اور مس فلپائن دنوں سے معافی مانگی۔

جبکہ جرمنی اور فلپائن کی اداکارہ پیا الونزو نے اس غلطی کو اپنے انداز میں لیا۔ انھوں نے کہا: ’تاج پوشی کا یہ انتہائی غیر روایتی طریقہ تھا۔ یہ بالکل 2015 کی طرح تھا۔‘

اس غلطی کے بعد ٹوئٹر پر شدید بحث چھڑ گئی ہے اور لوگ سوشل میڈیا پر اس کے متعلق بے یقینی کے اظہار کے ساتھ لطیفے بھی پوسٹ کر رہے ہیں۔

بعض لوگوں نے اس غلطی کو مضحکہ خیز قرار دیا جبکہ کینیڈا کے مارک کرچ نے ٹویٹ کیا: اور فاتح ہیں، مس انفارمیشن۔

فیس بک کے صارفین نے مقابلۂ حسن کے آفیشیل صفحے پر اپنے خیالات پوسٹ کیے جسے تقریبا 40 ہزار بار شیئر کیا گیا جکہ دنیا بھر سے 11 ہزار کمنٹس آئے۔

لیمی کلف نے اس پر یہ پوسٹ کیا: یہ خراب طرح سے ہینڈل کیا گیا۔ ان دونوں پرشکوہ خواتین سے معافی مانگنی چاہیے کیونکہ یہ دونوں کے لیے خفت کا باعث تھا۔ میں حقیقی معنوں میں ان کے درد کو سمجھتا ہوں۔

اسی بارے میں