’کامیڈی نائٹس وِد کپل‘ اگلے برس بند

شو کے میزبان کپل شرما ٹینس کی سٹار ثانیے مرزا کے ساتھ تصویر کے کاپی رائٹ colors.com
Image caption شو کے میزبان کپل شرما کا کہنا ہے کہ 17 جنوری کو اس شو کی آخری قسط نشر کی جائےگی

بھارتی ٹی وی چینل کلر پر نشر ہونے والا مقبول کامیڈی شو ’کامیڈی نائٹس وِد کپل‘ اگلے برس یعنی 2016 میں بند ہو جائے گا۔

طنز و مزاح پر مبنی یہ ٹی وی پروگرام کافی مقبول ہے اور اس میں شاہ رخ اور سلمان خان جیسے بالی وڈ کے بڑے ستارے شرکت کر چکے ہیں۔

یہ شو اس قدر مقبول ہے کہ آئے دن بالی وڈ کے اداکار اور اداکارائیں اس میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔

شو کے میزبان کپل شرما کا کہنا ہے کہ 17 جنوری کو اس شو کی آخری قسط نشر کی جائےگی۔

اطلاعات کے مطابق دو برس سے جاری اس معروف شو کو بند کرنے کا فیصلہ خود کپل شرما نے ہی کیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ کپل شرما چینل کے رویے سے کافی ’ناراض‘ اور یہی وجہ ہے کہا انھوں نے اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کپل کی ’ناراضگی‘ اسی طرز کے ایک دوسرے شو ’کامیڈی نائٹس بچاؤ‘ کی وجہ سے ہے جسے چند ماہ قبل ہی شروع کیا گیا ہے۔

’کامیڈی نائٹس وِد کپل‘ کی ٹیم کا الزام ہے کہ ٹی وی چینل ان کے شو میں آنے والے فنکاروں کو نئے شو ’کامیڈی نائٹس بچاؤ‘ میں بھی شرکت کے لیے کہا جاتا ہے۔

کپل شرما نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس متعلق بتایا کہ ’دونوں ہی شوز کے نام اور فارمیٹ تقریباً ایک ہی جیسے ہیں اور اب وہ ہماری نقل بھی کر رہے ہیں۔ ایسے میں شو پر کی جانے والی محنت بیکار ہے۔‘

کپل نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’جی ہاں، یہ ٹھیک ہے۔ ہم اس شو کو جنوری میں بند کرنے کی منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اس کی آخری قسط 17 جنوری کو نشر ہوگی۔‘

Image caption ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ کی پہلی قسط 22 جون 2013 کو نشر ہوئی تھی۔

اس سے پہلے بھی کپل کی ایک فلم کی وجہ سے ’کامیڈی نائٹس وِد کپل‘ کے بند ہونے کی بات ہوئی تھی لیکن پھر بند کرنے کی بجائے اس وقت شو کو ہفتے میں ایک دن کر دیا گیا تھا۔

اس بار کپل خود کھل کر یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ کامیڈی نائٹس کو مزید آگے نہیں لے جائیں گے۔

ابھی ٹی وی چینل کی جانب سے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے اور اطلاعات کے مطابق فی الحال شو کو جاری رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

’کامیڈی نائٹس وِد کپل‘ کی پہلی قسط 22 جون 2013 کو نشر ہوئی تھی۔

اس شو کے کردار کافی مشہور ہیں۔ پروگرام کی دادی (علی اصغر) ہوں یا لاکھوں کی چہیتی گتھّی (سنیل گروور)، نوکر (چندن پربھاکر) یا کپل کی بیوی (سمونا چکرورتی) ہوں۔

یہ تمام کردار بہت مقبول ہوچکے ہیں اور انہیں کی بدولت اس شو کو بہت مقبولیت حاصل رہی ہے۔

اسی بارے میں