سٹار وارز کی نئی فلم کی ریکارڈ توڑ کمائی جاری

تصویر کے کاپی رائٹ Disney Lucasfilm
Image caption جے جے ابرامز کی یہ فلم تقریباً 40 سال قبل شروع کی گئی خلائی داستان کا ساتواں حصہ ہے

سٹار وارز سیریز کی نئی فلم ’دی فورس اویکنز‘ کی ریکارڈ توڑ کمائی کا سلسلہ جاری ہے اور وہ امریکی باکس آفس کی تاریخ میں دوسرے ہفتے میں سب سے کاروبار کرنے والی فلم بن گئی ہے۔

امریکہ میں اس فلم میں نے نمائش کے دوسرے اختتامِ ہفتہ (جمعہ، سنیچر اور اتوار) میں 15 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا کاروبار کیا جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

سٹار وارز کی نئی فلم نے باکس آفس کے سابقہ ریکارڈ توڑ دیے

اس طرح صرف امریکہ میں اب تک یہ فلم 54 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کما چکی ہے جبکہ دنیا بھر سے اس کی آمدن ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

یہ فلم باکس آفس کی تاریخ میں سب سے زیادہ تیزی سے ایک ارب ڈالر کمانے والی فلم بھی بن گئی ہے اور اس نے یہ رقم صرف 12 دن میں کمائی ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ رواں برس جون میں جوراسک ورلڈ نے 13 دن میں ایک ارب ڈالر کما کر قائم کیا تھا۔

تاہم جوراسک ورلڈ کی کمائی میں دنیا کی دوسری سب سے بڑی فلم مارکیٹ چین سے حاصل ہونے والی رقم بھی شامل تھی جبکہ ’سٹار وارز دی فورس اویکنز‘ کی نمائش چین میں نو جنوری سے کی جانی ہے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ خلائی کہانی اب تک آنے والی تمام فلموں سے زیادہ بزنس کرسکتی ہے۔

جے جے ابرامز کی یہ فلم تقریباً 40 سال قبل شروع کی گئی خلائی داستان کا ساتواں حصہ ہے۔

نئی فلم کی کہانی سیریز کی 1983 میں آنے والی فلم ’دی ریٹرن آف جیڈائی‘ سے جاملتی ہے، جس میں پرانی فلم کے اداکار ہیریسن فورڈ اور چیری فشر بھی ہین سولو اور پرنسس لیلا کے کرداورں میں فلم کی نئی کاسٹ کے ساتھ موجود ہیں۔

اسی بارے میں