گلوکار ڈیوڈ بوئی 69 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ڈیوڈ بوئی نے جمعے کو اپنی سالگرہ کے موقعے پر تازہ ترین البم ’بلیک سٹار‘ ریلیز کی تھی

مشہور گلوکار ڈیوڈ بوئی کے بیٹے نے سوشل میڈیا میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے والد 69 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں ان کو سرطان کا مرض لاحق تھا۔

ڈیوڈ بوئی کے بیٹے نے ڈیوڈ بوئی کے انتقال کے حوالے سے خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے ’ڈیوڈ بوئی گذشتہ 18 ماہ سے سرطان کے مرض میں مبتلا تھے اور پیر کو ان کا انتقال ہو گیا۔ اس موقعے پر درخواست ہے کہ خاندان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔‘

ڈیوڈ بوئی نے جمعے کو اپنی سالگرہ کے موقعے پر تازہ ترین البم ’بلیک سٹار‘ ریلیز کی تھی۔

ڈیوڈ بوئی کی صحت کے حوالے سے گذشتہ کئی سالوں سے افواہیں تھیں۔

انھوں نے اپنا آخری لائیو کانسرٹ 2006 میں نیو یارک میں کیا تھا۔

ناقدین نے ان کی تازہ البم کو سراہا ہے۔ اس البم میں صرف سات گانے ہیں۔

بوئی کو شہرت 1972 میں ’دی رائز اینڈ فال آف زگی سٹارڈسٹ‘ اور ’سپائیڈرز فرام مارز‘ سے ملی۔