سیلین ڈیون کو دوہرا صدمہ، شوہر کے بعد بھائی بھی چل بسے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption سنہ 1999 میں فلم ٹائیٹنک کے ان کے گیت ’مائی ہارٹ وِل گو آن‘ نے دو گریمی ایوارڈز حاصل کیے تھے

معروف کینیڈین گلوکارہ سیلین ڈیون کے شوہر کے انتقال کے دو دنوں بعد ان کے بڑے بھائی ڈینیل ڈیون بھی سنیچر کو انتقال کر گئے۔

گلوکارہ سیلین کی ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ 59 سالہ ڈینیئل ڈیون کا مونٹریئل میں سنیچر کو انتقال ہو گيا ہے۔

مسٹر ڈیون کے اہل خانہ نے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وہ دو بچوں کے باپ تھے اور بہت سی صلاحیتوں کے مالک، شریف اور کم ملنے جلنے والے شخص تھے۔

اس سے قبل جمعرات کو سیلین ڈیون کے شوہر اور ان کے سابقہ مینیجر رینے اینجلیل 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

رینے ایجلیل کی ایلین ڈیون سے سنہ 1994 میں شادی ہوئی تھی جن سے ان کے تین بچے ہوئے تھے۔

وہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا انتقال امریکی شہر لاس ویگس میں گھر پر ہوا۔

سنہ 2000 میں اینجلیل میں گلے کے سرطان کی تشخیص کے بعد سیلین ڈیون نے دو مرتبہ اپنے کریئر میں وقفہ لیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption رینے اینجلیل سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے

رینے اینجلیل سنہ 1942 میں کینیڈا کے شہر مونٹریال میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے کینیڈا میں مختلف تنظیموں کے انتظامی امور سنبھالنے کا کام سرانجام دیا تھا اور بعدازاں سیلین ڈیون کے والدین کی جانب سے انھیں گلوکارہ کے مینیجر کے کام کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس وقت سیلین ڈیون کی عمر صرف 12 سال تھی۔

گذشتہ سال سیلین ڈیون نے امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کو بتایا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی موت کی تیاری کر رہی ہیں۔

اگست 2015 کو انھوں نے اخبار کو بتایا کہ تھا کہ ’میری سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ میں اپنے شوہر کو بتاؤں کہ ہم ٹھیک ہیں۔ میں اپنے بچوں کا خیال رکھوں گی۔ آپ دوسری جانب سے ہمیں دیکھیں گے۔‘

مونٹریال گزٹ کے مطابق رینے اینجلیل نے سیلین ڈیون کی پہلی البم پر سرمایہ کاری کے لیے اپنا گھر گروی رکھوا دیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption رینے اینجلیل نے سیلین ڈیون کی 12 سال کی عمر میں پہلی البم کی ریلیز میں مدد کی تھی

سیلین ڈیون نے 25 سٹوڈیو البم ریکارڈ کروائے ہیں اور وہ دنیا بھر میں پانچویں امیرترین فنکارہ ہیں، ان کے اثاثوں کی مالیت 63 کروڑ ڈالر ہے۔

سنہ 1999 میں فلم ٹائیٹنک کا ان کا گیت ’مائی ہارٹ وِل گو آن‘ نے دو گریمی ایوارڈز حاصل کیے تھے۔

سیلین ڈیون سنہ 2003 سے باقاعدگی کے ساتھ لاس ویگس میں پرفارم کر رہی ہیں۔

انھوں نے گذشتہ سال ایک سال کے وقفے کے بعد دوبارہ پرفارمنس کا آغاز کیا تھا، وہ ایک سال کے لیے اپنے شوہر کی دیکھ بھال میں مصروف رہی تھیں۔

سنہ 2014 میں رینے اینجلیل نے سیلین ڈیون کے مینیجر کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔

اسی بارے میں