’بڑے نام کے ساتھ پہلی فلم کامیابی کی ضمانت نہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ Parul Gossain
Image caption ماورا فلم ’صنم تیری قسم‘ سے بالی وڈ میں اپنا کریئر شروع کر رہی ہیں

پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہندی فلمی صنعت میں کسی بڑے نام کے ساتھ پہلی فلم کرنا کامیابی کی ضمانت نہیں ہے۔

گذشتہ چند برسوں میں کئی پاکستانی فنکاروں نے بالی وڈ کا رخ کیا ہے۔

ان فنکاروں میں وینا ملک، علی ظفر، فواد خان، حمیمہ ملک اور ماہرہ خان کے بعد اب ماورا حسین کا بھی نام شامل ہو گیا ہے۔

ماورا فلم ’صنم تیری قسم‘ سے بالی وڈ میں اپنا کریئر شروع کر رہی ہیں اور پانچ فروری کو ریلیز ہونے والی فلم میں وہ ایک نئے اداکار ہرش وردھن رانے کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔

ان کے برعکس بالی وڈ میں نووارد ایک اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو ان کی پہلی فلم میں سپر سٹار شاہ رخ خان کے مدِمقابل کاسٹ کیا گیا ہے۔

ایک نئے اداکار کے ساتھ کیریئر شروع کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے 23 سالہ ماورا کا کہنا ہے کہ ’ کسی خان کے ساتھ پہلی فلم کرنے سے بالی وڈ میں ہٹ ہونے کی سو فیصد ضمانت نہیں ہوتی ہے۔‘

ممبئی میں بی بی سی ہندی کی سپریا سوگلے سے بات کرتے ہوئے ماورا نے کہا کہ ’نئے اداکار کے ساتھ بہترین سکرپٹ ملے اور اسے صرف اس وجہ سے چھوڑ دوں کیونکہ اس میں خان نہیں ہیں؟ یہ تو اپنا ہی نقصان کرنا ہوگا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’فلم ہٹ ہونے کا نہ تو کوئی فکسڈ طریقہ ہے اور نہ ہی کوئی ضمانت۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’برصغیر میں ٹیلنٹ کی بھرمار ہے، لیکن پلیٹ فارمز کی کمی ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ parul gossain
Image caption ماروا ایک نئے اداکار ہرش وردھن رانے کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی

پاکستان میں ٹی وی ڈراموں کی معروف اداکارہ ماورا کے مطابق بالی وڈ میں ان کی آمد کی وجہ پرینکا چوپڑا بنیں۔

’اداکاراؤں کو پرینکا چوپڑا کی طرح ہونا چاہیے، جو بغیر کسی حد میں بندھے ہوئے اپنے فن کا مظاہرہ کرتی ہیں۔‘

خود کو سلمان خان کا مداح قرار دیتی ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ ’میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں، ان میں ایک جادو ہے. ویسے تو تینوں خان بہترین ہیں اور ان کا آپس میں موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔‘

سلمان، شاہ رخ اور عامر خان کے علاوہ ماورا کو رنبیر کپور بھی بہت پسند ہیں۔ ’جب میں اپنا پہلا ٹی وی سیریل کر رہی تھی، تب راک سٹار فلم آئی تھی۔ تبھی مجھے لگا کہ مجھے بھی اس سطح کی اداکاری کرنی ہے۔‘

ماورا نے رنبیر کو آل راؤنڈر اداکار قرار دیتے ہوئے جلد ہی ان کے ساتھ سکرین پر کام کرنے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔

اسی بارے میں