’فلمیں کم وزن سے نہیں، ٹیلنٹ سے ملتی ہیں‘

Image caption 11 ماہ کے طویل وقفے کے بعد پرينیتی اب نئے روپ میں سامنے آئی ہیں

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بالی وڈ میں اپنے اداکاری کا لوہا تو منوایا ہے لیکن ان کا وزن بھی ساتھ ساتھ موضوعِ بحث رہا ہے۔

تاہم ان کا کہنا ہے کہ فلمی صنعت میں کام حاصل کرنے کا تعلق اداکارہ یا اداکارہ کے ٹیلنٹ سے ہے نہ کہ اس کے وزن سے۔

پرینیتی تقریباً ایک برس تک سنیما سکرین سے دور رہی ہیں اور حال ہی میں جب وہ منظرِ عام پر آئیں تو ان کا وزن ماضی کے مقابلے میں کافی کم ہو چکا تھا۔

اس سلسلے میں ایک تقریب میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کا وزن فلمیں ملنے میں رکاوٹ ثابت ہو رہا تھا تو انہوں نے کہا، ’فلمیں وزن سے نہیں، ٹیلنٹ سے ملتی ہیں۔‘

حال ہی میں بالی وڈ کے سینیئر ادکار رشی کپور نے بھی پرینیتی کے وزن کے حوالے سے متنازع بیان دیا تھا۔

این ڈی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رشی نے خیال ظاہر کیا تھا کہ اسٹار ڈسٹ ایوارڈز میں پرینیتی کو سال کے بہترین ’سٹائل آئیکون‘ کا ایوارڈ صرف وزن کم کرنے پر ہی دیا گیا۔

سنہ 2012 میں ’لیڈیز ورسز رکی بہل‘ نامی فلم سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی پرينیتی چوپڑا نے اس فلم کے بعد سنہ 2014 میں ’دعوتِ عشق‘ اور ’کِل دل‘ میں کام کیا لیکن یہ دونوں باکس آفس پر کچھ خاص کمال نہیں دکھا پائیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Yash Raj
Image caption حال ہی میں بالی وڈ کے سینیئر ادکار رشی کپور نے بھی پرینیتی کے وزن کے حوالے سے متنازع بیان دیا تھا

11 ماہ کے طویل وقفے کے بعد پرينیتی اب نئے روپ میں سامنے آئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس دوران وزن کم کرنے کے لیے انھیں کڑی محنت کرنی پڑی۔

وہ کہتی ہیں، ’جنھیں کھانے پینے کا بہت شوق ہو، ان کے لیے یقینا یہ آسان نہیں ہے۔ ابتدائی دنوں میں میں تو سارا دن کھانے کے بارے میں سوچتی رہتی تھی لیکن اب میں خود کو پہلے کے مقابلے زیادہ صحت مند محسوس کرتی ہوں۔‘

پرينیتی نے دھوم - 4 میں ہریتك روشن کے ساتھ کام کرنے کی قیاس آرائیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا، ’میں خوش ہوں کہ مجھے ایک ایسی فلم ملی ہے جس کا مجھے انتظار تھا۔‘

انھوں نے مزید کہا، ’امید ہے ہم باضابطہ طور پر اس فلم کا اعلان اگلے ہفتے ہو جائے گا۔‘

اسی بارے میں