’پہلے اداکاراؤں کا کریئر 30 سال تک ہی تھا‘

Image caption شبانہ اعظمی نے 100 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں

بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ پہلے اداکاراؤں کا کریئر صرف 30 سال کی عمر تک ہی محدود ہوا کرتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

1974 میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی شبانہ اعظمی نے تقریباً سو سے زیادہ فلموں میں مختلف طرح کے کردار نبھائے ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شبانہ نے کہا: ’آج کل کا ماحول اداکاراؤں کے لیے بہت سازگار ہے، سب سے اچھی بات تو یہ ہے کہ آج کل آرٹسٹ ایک وقت میں ایک ہی فلم پر توجہ دیتے ہیں۔‘

وہ مزید کہتی ہیں: ’جب ہم فلمیں کیا کرتے تھے تو ہم سے کہا جاتا تھا کہ ایک سال میں کم از کم 12 فلمیں تو کرنی ہی چاہیے۔‘

فلموں کے بدلتے طور انھوں نے کہا: ’پہلے تو فلموں میں پری پروڈکشن نام کی کوئی چیز نہیں ہوا کرتی تھی، ایک فلم کو پوری کرنے میں کئی سال لگ جاتے تھے۔‘

اس سلسلے میں وہ ششی کپور کے ساتھ سنہ 1989 میں آنے والی اپنی فلم ’اونچ نیچ بیچ‘ کو یاد کرتی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ shyam benegal
Image caption وہ اپنی آرٹ فلموں کے لیے معروف ہیں

انھوں نے بتایا کہ اس فلم کو بننے میں 14 سال لگ گئے اور 14 سال تک میں نے اپنی شکل و شباہت کو اسی طرح برقرار رکھا تھا۔

65 سالہ شبانہ کہتی ہیں: ’پہلے اداکاراؤں کا سفر صرف 30 سال کی عمر تک ہی محدود تھا لیکن آج ایسا نہیں ہے۔ آج اداکاراؤں کو زیادہ مواقع حاصل ہیں۔‘

آج کل تقریبا تمام سینیئر اداکار اپنی خودنوشت لکھ رہے ہیں پھر چاہے وہ امیتابھ بچن ہوں، شتروگھن سنہا یا پھر انوپم کھیر ہوں۔ اس چلن پر شبانہ نے کہا: ’اگر بایو لکھنی ہی ہے تو اس میں سچ لکھیں۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’اگر میں کتاب لکھوں گی تو وہ سب پڑھیں گے، میں نے اپنی زندگی میں بہت کچھ دیکھا اور سہا ہے۔ میں فی الحال نہیں لکھ رہی، لیکن مستقبل میں ضرور لکھنا چاہوں گی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Star
Image caption شبانہ اعظمی نے فلموں میں متنوع کردار نبھائے ہیں، جن میں آرٹ اور کمرشل دونوں قسم کی فلمیں شامل ہیں

حال ہی میں زمین کے تنازعے پر اداکارہ ہیما مالنی شہ سرخیوں میں تھیں۔ اس سے پہلے بھی کئی بالی وڈ اداکار اسی قسم کے تنازعے میں خبروں میں آئے، جن میں سے شبانہ اعظمی بھی شامل ہیں۔

انھوں نے اس بارے میںبتایا: ’38 سال سے جدوجہد کرنے کے بعد مجھے میرے والد کیفی اعظمی کا آبائی مکان واپس مل گیا ہے۔ میرے والد جب تک زندہ تھے وہ اس مکان کے لیے جدوجہد کرتے رہے لیکن میں آج دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ آج وہ مکان ہمارا ہے۔‘

فی الحال شبانہ اعظمی اپنی آنے والی فلم ’نیرجا‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ رام مادھواني کی ہدایت میں تیار ہونے والی یہ فلم 19 فروری کو ریلیز ہو گی۔

اسی بارے میں