گریمی ایوارڈز کی شام ٹیلر سوئفٹ اور لامار کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ٹیلر سوئفٹ کے نغمے ’بیڈ بلڈ‘ کی ویڈیو بہترین میوزک ویڈیو قرار دی گئی اور یہ ایوارڈ انھوں نے کینڈرک لیمار کے ساتھ شیئر کیا

امریکی ریپ گلوکار کینڈرک لامار نے 68ویں گریمی ایوارڈز کی تقریب میں پانچ ایوارڈ جیت لیے لیکن وہ تقریب کا سب سے اہم ایوارڈ یعنی سال کی بہترین میوزک البم کا اعزاز حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دارالحکومت لاس اینجلس میں پیر کی شب منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے حصے میں آیا ہے جو دو مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والی پہلی خاتون گلوکارہ بن گئی ہیں۔

ٹیلر کو ان ایوارڈز میں سات نامزدگیاں ملی تھیں جن میں سے انھوں نے تین گریمی ایوارڈز جیتے ہیں۔

گریمی ایوارڈ کو امریکہ میں موسیقی کی دنیا کا معتبر ترین ایوارڈ سمجھا جاتا ہے۔

تقریب میں ٹیلر سوئفٹ کی البم ’1989‘ کو سال کی بہترین البم قرار دیا گیا۔

یہ البم اگرچہ سنہ 2014 میں جاری کی گئی تھی لیکن گذشتہ سال جب یہ منظرِ عام پر آئی تھی تو اُس سال کے ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا عمل شروع ہو چکا تھا جس کی وجہ سے اسے اس سال نامزدگیوں میں شامل کیا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کینڈرک لامار کو 11 شعبوں میں گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا اور انھوں نے پانچ ایوارڈ جیتے

ٹیلر کو اسی البم کے لیے سال کی بہترین پاپ البم کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

اس کے علاوہ ان کے نغمے ’بیڈ بلڈ‘ کی ویڈیو بہترین میوزک ویڈیو قرار دی گئی اور یہ ایوارڈ انھوں نے کینڈرک لامار کے ساتھ شیئر کیا۔

برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار ایڈ شیرین نے بھی بہترین انفرادی پاپ گانے کی کارکردگی کے لیے گریمی ایوارڈ جیت لیا۔

انھوں نے اپنے افسانوی گیت ’تھنکنگ آؤٹ لاؤڈ‘ کے لیے کیلی کلارکسن، ٹیلر سوئفٹ، دا ویکنڈ اور برٹ ایوارڈز (برطانوی ریکارڈ انڈسٹری ٹرسٹ) میں اُن کی ساتھی ایلے گوڈلنگ کو شکست دے کر یہ ایوارڈ جیتا۔

گلوکار نے ایوارڈ لیتے وقت کہا کہ ’میں گذشتہ چارسال سے اِن ایوارڈز میں شرکت کررہا ہوں لیکن کبھی نہیں جیتا اور ہر سال میرا خاندان مایوس واپس جاتا تھا اور مجھے انھیں وضاحت کرنا پڑتی تھی کہ کیوں (میں نے ایوارڈ نہیں جیتا)۔ اس لیے اس ایوارڈ کے لیے بہت زیادہ شکریہ۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption برطانوی گلوکار اور نغمہ نگار ایڈ شیرین نے بھی بہترین انفرادی پاپ گانے کی کارکردگی کے لیے گریمی ایوارڈ جیتا

لامار کو اپنے گانے آل رائٹ کے لیے بہترین ریپ (پاپولر موسیقی) گانے اور ریپ کاکردگی، بہترین ریپ اشتراکی گانے کے ایوارڈز بھی ملے۔

برطانوی راک میوزک بینڈ میوس نے بھی اپنی البم ڈرونز کے لیے بہترین راک البم کا ایوارڈ جیتا۔

اہم زمروں سے ہٹ کر ایمی وِن ہاؤس نے اپنی زندگی پر بنائی گئی آصف کپاڈیا کی دستاویزی فلم پر بہترین موسیقی پر فلم کے ساتھ بعد ازمرگ گریمی ممنونیت ایوارڈ جیتا۔

اسی بارے میں