جیمز بانڈ کی گاڑی 24 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption نیلام ہونے والی ڈی بی 10 ماڈل کی گاڑی برطانیہ میں آسٹن مارٹن کے ہیڈکوارٹر گیڈن میں تیار کی گئی تھی

ہالی وڈ کی جیمز بانڈ فلم سپیکٹر میں استعمال ہونے والی آسٹن مارٹن کمپنی کی تیار کردہ سپورٹس کا 24 لاکھ 34 ہزار 500 برطانوی پاؤنڈ میں نیلام کر دی گئی ہے۔

فلم کی لیے خصوصی طور پر دس تیار کردہ ’نمائشی گاڑیوں‘ میں ایک ڈی بی 10 ماڈل کی گاڑی نے دس لاکھ پاؤنڈ کی کم از کم قیمت کو کہیں پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ گاڑی وارکشائر میں تیار کی گئی تھی اور اس ماڈل میں 4.7 لیٹر وی 8 پیٹرول انجن ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 190 میل فی گھنٹہ ہے، تاہم یہ گاڑی عام سڑکوں پر نہیں چلائی جاسکتی۔

’سپیکٹر۔ دی آکشن‘ کی تقریب لندن میں کرسٹیز لنڈن کنگ سٹریٹ میں منعقد ہوئی جس میں دس سے زائد اشیا کی نیلامی سے 27 لاکھ 85 ہزار سے زائد کی رقم عطیات کے لیے جمع کی گئی۔

مزید 14 اشیا کی فروخت اگلے منگل تک آن لائن نیلامی کے لیے پیش کی گئی ہیں۔

دیگر اشیا میں ’ڈے آف دی ڈیڈ‘ لباس جو ڈینیئل کریگ نے فلم سپیکٹر میں پہنا تھا، 98,500 پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔

سیم سمتھ کا ’رائٹنگ آن دی وال‘ ریکارڈ 9,375 پاؤنڈ میں فروخت ہوا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption فلم سپیکٹر میں کرسٹوف والٹز کی پہنی ہوئی سونے کی انگوٹھی 32,500 پاؤنڈ میں نیلام ہوئی

خیال رہے کہ آسٹن مارٹن کمپنی اور جیمز بانڈ سیریز کے ساتھ سنہ 1964 میں بننے والی فلم ’گولڈ فنگر‘ سے ہے جس میں ڈی بی فائیو ماڈل گاڑی استعمال کی گئی تھی۔

نیلام ہونے والی ڈی بی 10 گاڑی آسٹن مارٹن کے برطانیہ میں ہیڈکوارٹر گیڈن میں ہاتھ سے تیار کی گئی تھی اور اس پر ڈینئل کریگ کے دستخط بھی موجود ہیں۔

فلم سپیکٹر میں استعمال ہونے والی بیشتر ڈی بی 10 گاڑیوں میں ردوبدل کیا گیا تھا، تاہم دو گاڑیوں کو نمائش کے لیے اصل حالت میں رکھا گیا تھا۔

ایک اندازے کے مطابق اس فلم میں ڈھائی کروڑ برطانوی پاؤنڈ کی مالیت کی گاڑیاں تباہ ہوئی تھیں۔

اسی بارے میں