سنجے دت سزا میں کمی کے بعد جیل سے رہا

Image caption سنجے دت پر الزام تھا کہ انھوں نے ممبئی میں 1993 میں ہونے والے سلسلے وار بم دھماکوں کے مجرموں سے یہ ہتھیار خریدے تھے

بالی وڈ کے اداکار سنجے دت پونے کی يروڈا جیل سے جمعرات کو سزا کی مقررہ مدت سے 103 دن قبل رہا ہوگئے ہیں۔

اس موقعے پر جہاں ایک طرف سنجے کے خاندان میں خوشی کی لہر ہے وہیں فلم انڈسٹری میں ان کے دوستوں اور ان کے مداحوں نے بھی ان کے لیے خاص تیاریاں کی ہیں۔

56 سالہ سنجے دت مئی 2013 سے پونے کی یرواڈا جیل میں تھے جہاں وہ 42 ماہ رہے۔

واضح رہے کہ سنجے دت کو غیرقانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں 21 مارچ سنہ 2013 کو بھارت کی سپریم کورٹ نے پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی۔

ان پر الزام تھا کہ انھوں نے ممبئی میں 1993 میں ہونے والے سلسلے وار بم دھماکوں کے مجرموں سے یہ ہتھیار خریدے تھے۔ لیکن سنہ 2007 اور آٹھ کے دوران وہ 18 ماہ کی قید پہلے ہی کاٹ چکے تھے۔

گذشتہ روز سماجی کارکن پرادیپ بھالیکر نے ممبئی کی ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں انھوں نے ہائی کورٹ پر زور دیا کہ وہ سنجے دت کی جلد رہائی کے حکومتی فیصلے کو منسوخ کر دیں۔

ان کی بیٹی ترشالا، جو فی الحال امریکہ میں ہیں، سنجے کی رہائی کے باعث بہت خوش ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ crispy bollywood

ترشالا نے سنجے کی فلموں کے کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا سائٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’وہ میرے شیر ہیں اور اب میرا شیر پنجرے سے رہا ہو کر جنگل میں آ جائے گا۔ میں بہت پرجوش ہوں۔‘

سنجے دت کی اہلیہ مائنتہ اس خوشی میں جیل کے باہر ہی ایک خوبصورت استقبالیہ پروگرام منعقد کرنا چاہتی تھیں لیکن جیل کی انتظامیہ نے انہیں اس کی اجازت نہیں دی۔

سنجے کو لینے مائنتہ اور ان کا اسٹاف ایک چارٹرڈ پلین سے جائے گا اور کچھ ہی گھنٹے میں سنجے دت باندرا میں واقع اپنےگھر پر ہوں گے جہاں پولیس نے ہجوم پر کنٹرول کرنے کے لیے سخت انتظامات کیے ہیں۔

سنجے کے باہر آنے کا انتظار ان کے ایک خاص مداح راشد کو بھی ہے جو ممبئی کے معروف بھنڈی بازار علاقے میں ’نور محمدی ہوٹل‘ چلاتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI

یہاں سنجے دت کے نام پر بنی ایک ڈش ’سنجو بابا چکن‘ ملتی ہے اور سنجے دت کی رہائی کی خوشی میں راشد اس ڈش کو مفت میں فروخت کریں گے۔

راشد کہتے ہیں ’میں سنجے کا فین نہیں ہوں۔ فین لوگوں سے تو آپ کو ملیں گے لیکن بابا کے واپس آنے کی خوشی پر اتنا تو بنتا ہے۔‘

مداحوں کے سات ساتھ فلمی شخصیات میں بھی سنجے دت کے واپسی کو لے کر خاصا جوش ہے۔

کل سنجے کے گھر کئی مشہور شخصیات نے ان کے گھر کا دورہ کیا تھا جن میں مہیش بھٹ، عامر خان، سنیل شیٹی اور راجو ہیرانی کا نام اہم ہے۔

سنجے دت پر بائیو پک بنا نے والے راجکمار ہیرانی کے مطابق ’سنجے اب بدل چکا ہے اور اب آپ شاید ایک نئے آدمی سے ملیں گے۔ اس کا احساس مجھے اس وقت ہوا جب میں نے اس کی کہانی سنی۔‘

اسی بارے میں