’'بوتلیں تو پاکستان میں بھی پڑ سکتی ہیں‘

Image caption فواد کو ڈائریکٹر راجکمار ہيراني اور اداکار عامر خان کی فلم ’پی کے‘ کا حصہ نہ بن پانے کا ملال ہے

بالی وڈ میں فلم ’خوبصورت‘ سے اپنے سفرکا آغاز کرنے والے پاکستانی اداکار فواد خان بھارت میں خود سے روا رکھے گئے رویے سے خوش ہیں۔

گذشتہ سال بھارت آنے والے کئی پاکستانی فنکاروں کو مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان میں غزل گلوکار غلام علی بھی تھے جن کے ممبئی میں ہونے والے پروگراموں کو سخت گیر تنظیموں کی مخالفت کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔

ایسے حالات میں فواد اپنے ساتھ کسی ناخوشگوار واقعہ نہ پیش آنے کو اپنی قسمت اور لوگوں کی برداشت کی نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں، ’مجھے معلوم ہے کہ یہاں ہمارے خلاف احتجاج ہوتا ہے لیکن ابھی تک کے تجربے سے میں یہاں خود کو محفوظ سمجھتا ہوں۔‘

رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’ کپور اینڈ سنز‘ میں عالیہ بھٹ اور سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ نظر آنے والے فواد خان کا کہنا تھا ’میں خاصے عرصے سے بھارت میں ہی ہوں اور ابھی تک خوش قسمتی سے کسی بدتمیزی کا شکار نہیں ہوا ہوں۔‘

بی بی سی ہندی کی مدھو پال سے بات کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا ’لیکن اگر مستقبل میں میرے ساتھ کسی قسم کی کوئی انہونی ہو بھی جاتی ہے تو اس پر میں ناراض نہیں ہوں گا کیونکہ دنیا کے ہر کونے میں ایسے لوگ ہوں گے جو شاید مجھے پسند نہ کرتے ہوں، پھر وہ چاہے میرے ہی ملک یعنی پاکستان میں بھی کیوں نہ ہو۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فواد خان، عالیہ بھٹ اور سدھارتھ ملہوترا کی فلم 18 مارچ کو ریلیز ہو رہی ہے

فواد نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ صرف ہندوستان میں ہی انھیں مخالفت جھیلنا پڑے، انھیں ناپسند کرنے والے تو پاکستان میں بھی ان پر بوتلیں پھینک سکتے ہیں۔

فواد خان نے اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’فنکاروں کے ساتھ ہونے والی ان چیزوں کے لیے دو ملک آپس میں لڑنا شروع کر دیں، یہ بہت ہی بچگانہ حرکت ہوگی۔ دنیا بہت آگے نکل چکی ہے اور اب ہمیں عالمی سطح پر سوچنا چاہیے۔‘

فواد کو ڈائریکٹر راجکمار ہيراني اور اداکار عامر خان کی فلم ’پی کے‘ کا حصہ نہ بن پانے کا بھی ملال ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ’ہیراني صاحب نے مجھے پاکستانی لڑکے ’سرفراز‘ کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن کپور اینڈ سنز کے معاہدے کی وجہ میں نے اس فلم کو ہاں نہیں کہہ پایا تھا. مجھے آج بھی پی کا پوسٹر دیکھ کر ملال ہوتا ہے۔‘

اسی بارے میں