خیرپور میں عامر خان کی سالگرہ کی تقریب

Image caption اس تقریب کے لیے کیک خصوصی طور 100 کلومیٹر دور واقع نواب شاہ شہر کی ایک بڑی بیکری سے منگوایا جاتا ہے

بالی وڈ اداکار عامر خان نے اپنا جنم دن کہاں اور کس کے ساتھ منایا یقیناً اس بات سے لوگوں کی اکثریت لاعلم ہوگی، لیکن ان کے شہر اور ملک سے سینکڑوں کلومیٹر دور پاکستان کے ایک دیہی علاقے میں بھی گذشتہ کچھ عرصے سے ان کا جنم دن منایا جاتا ہے۔

صوبہ سندھ کے شمالی ضلع خیرپور کے علاقے فیض گنج میں 20 سالہ عامر راجپر ہر سال اپنے ہم نام اداکار کی سالگرہ مناتے ہیں، آر او گاؤں کا رہائشی یہ نوجوان پیدائشی طور پر معذور ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سے ہوش سنبھالا ہے وہ ہر سال عامر خان کی سالگرہ مناتے ہیں اور اس سال بھی 14 مارچ کو انھوں نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔

اس تقریب کے لیے کیک خصوصی طور 100 کلومیٹر دور واقع نواب شاہ شہر کی ایک بڑی بیکری سے منگوایا جاتا ہے، عامر راجپر کہنا ہے کہ خصوصی دعوت ہے تو کیک بھی سپیشل ہونا چاہیے جو چیز دور سے آئے گی اس کی اہمیت بھی تو ہوگی۔

Image caption یہ تقریب صرف کیک تک محدود نہیں ہوتی بلکہ مہمانوں کو کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے

عامر خان کی سالگرہ میں گاؤں کے علاوہ آس پاس کے رشتے دار اور احباب بھی مدعو کیے جاتے ہیں اور یہ تقریب صرف کیک تک محدود نہیں ہوتی بلکہ مہمانوں کو کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے جو زیادہ تر بریانی ہوتی ہے۔

عامر راجپر کے پانچ بھائی ہیں جو زمینداری کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس سالگرہ کی تقریب پر 20 سے 25 ہزار روپے خرچ آجاتا ہے، اور یہ سب کچھ وہ اپنے بھائی کی خوشی کے لیے کرتے ہیں جبکہ گاؤں کے لوگ بھی اس کی خواہش پوری کرنے کے لیے تقریب میں شریک ہوتے ہیں۔

عامر راجپر تعلیم حاصل نہیں کرسکے ہیں، انھیں عامر خان کی تارے زمین پر، تھری ایڈیٹس اور سماجی موضوعات پر بنی ہوئی فلمیں زیادہ پسند ہیں۔ انھیں عامر خان کی تمام فلموں کے نام بھی یاد ہیں، عامر کے بقول اداکار دوسرے بھی ہیں لیکن عامر خان کی اداکاری منفرد ہے اور ان کی فلموں میں پیغام بھی ہوتا ہے۔

Image caption وہ اپنا جنم دن نہیں مناتے کیونکہ اس کو علم ہی نہیں ہے کہ وہ کس تاریخ کو ہوتا ہے لیکن سنہ 2007 سے باقاعدگی سے عامر خان کی سالگرہ منا رہے ہیں

عامر راجپر کا یہ نام اس کے مرحوم والد نے رکھا تھا وہ اپنا جنم دن نہیں مناتے کیونکہ اس کو علم ہی نہیں ہے کہ وہ کس تاریخ کو ہوتا ہے لیکن سنہ 2007 سے باقاعدگی سے عامر خان کی سالگرہ منا رہے ہیں۔

عامر خان کے اس شیدائی کی خواہش ہے کہ ان کی عامر خان سے ایک بار ملاقات کرائی جائے اس کے لیے عامر خان پاکستان آئیں یا انھیں بھارت بلائیں تاکہ ان کا یہ خواب پورا ہوسکے کیونکہ وہ خود بے بس ہیں ۔

اسی بارے میں