امیتابھ بچن اور ایشوریہ کی فلموں کا ٹکراؤ

Image caption امیتابھ بچن کی فلم کو اپنی بہو ایشوریہ رائے کی فلم سے سخت مقابلے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے

بالی وڈ میں سنہ 2016 میں جو بڑی فلمیں باکس آفس پر ایک دوسرے کو ٹکر دینے والی ہیں ان میں امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے بچن کی فلمیں بھی ہیں۔

بالی وڈ سٹار امیتابھ بچن کی فلم ’تین‘ اور ایشوریہ رائے کی فلم ’سربجیت‘ ایک ہی دن ریلیز ہو رہی ہیں۔

20 مئی کو سوجے گھوش کی ہدایت میں بننے والی فلم ’تین‘ اور اومانگ کمار کی ہدایت میں تیار ہونے والی فلم ’سربجیت‘ ایک ساتھ ریلیز ہو رہی ہیں۔

اگر آخری وقت پر ریلیز کی تاریخوں میں تبدیلی نہ کی گئی تو ایسا پہلی بار ہو گا جب بچن خاندان کے دو ارکان کی فلمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے ٹکٹ کاؤنٹر پر آمنے سامنے ہوں گی۔

فلم ’سربجیت‘ اس بھارتی شہری کی زندگی پر مبنی ہے جو پاکستان میں جاسوسی اور انتہا پسندی کے الزام میں سالوں قید رہے۔

اس کے بعد جیل میں ہی ان کے ساتھی قیدیوں نے سربجیت پر حملہ کیا تھا جس میں ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔

Image caption فلم سربجیت میں ایشوریہ نے سربجیت کی بہن کا کردار ادا کیا ہے

اس بایوپک فلم میں رنديپ ہڈا اہم کردار میں نظر آئیں گے اور رچا چڈھا سربجیت کی بیوی کے کردار میں ہیں جبکہ ایشوریہ رائے سربجیت کی بہن کے کردار میں ہیں۔

دوسری جانب سوجے گھوش کی فلم ’تین‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ نوازالدین صدیقی اور ودیا بالن نظر آئیں گی۔

بچن خاندان کے اس تاریخی مقابلے میں نفع نقصان دونوں ہی بچن خاندان کے اکاؤنٹ میں جائیں گے۔

اس سے قبل ’نیرجا‘ اور ’تیرے بن لادن‘ فلمیں ایک ہی دن ریلیز ہوئي تھیں جبکہ سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ عید کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہیں۔

اس لیے بعض فلم ناقد نے سنہ 2016 کو بڑی فلموں کی ٹکر کا سال کہا ہے۔

اسی بارے میں