رنویر، رنبیر اور دیپکا کا ’تماشا‘

تصویر کے کاپی رائٹ bbc

رنویر، رنبیر اور دپیکا کا ’تماشا‘

فلم ہو یا حقیقت اداکار رنویر سنگھ دیپکا پاڈوکون کے آگے پیچھے ہی منڈلاتے دکھائی دیتے ہیں پہلے ویلنٹائن ڈے کے موقعے پر وہ دیپکا سے ملنے ٹورانٹو پہنچ گئے تھے اور حال ہی میں ان کے پیچھے سری لنکا جا پہنچے۔ جہاں دیپکا اپنی بہترین دوست کی شادی میں شرکت کے لیے گئی تھیں۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

خبریں یہ بھی ہیں کہ دیپکا کے سابق بوائے فرینڈ رنبیر کپور حال ہی میں ان سے ملنے لاس اینجلس گئے تھے جہاں وہ فلم ’ٹرپل ایکس‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔ رنبیر اور قطرینہ کے مبینہ بریک اپ کے بعد ان کی یہ ملاقات آگ پر تیل کا کام کر رہی ہے تو رنویر ذرا سنبھل کر کہیں ایسا نہ ہو آپ فاختہ ہی گنتے رہ جائیں۔

فلمی ستاروں کی زندگی اور سوشل میڈیا

بالی وڈ میں فلمی ستارے اکثر شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ ان کی نجی زندگی کو میڈیا سے دور رکھا جائے لیکن ساتھ ہی اپنی نجی زندگی سے متعلق باتیں سوشل میڈیا پر کھلے عام شیئر کرنے سے بھی نہیں کتراتے۔ اب چاہے وہ کرکٹر وراٹ کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی مبینہ بریک اپ ہو یا ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائکہ اروڑہ خان کے طلاق کی خبریں ہوں یا پھر کنگنا راناوت اور رتک روشن کے درمیان مبینہ عشق اور پھر لڑائی ہر قصہ عام ہو جاتا ہے۔

اب شاہ رخ خان ہر بات ٹوئٹر پر شیئر کرنے لگے ہیں کبھی اپنے چھوٹے بیٹے ابرام کی تصاویر تو کبھی فلموں کا پروموشن۔ اب حال ہی میں انھوں نے ٹوئٹر پر ہی بچوں کی پرورش پر ایک طویل اور جذباتی لیکچر دے ڈالا کہ بھائی ’بچوں کی پرورش کوئی آسان کام نہیں اس سے آپ کی شخصیت کے مختلف پہلو سامنے آتے ہیں۔‘ شاہ رخ خان کی فلم ’فین‘ جلدی ہی رلیز ہونے والی ہے تو لگے رہو خان صاحب نیوز میں بنے رہنے کا یہ سستا اور ٹکاؤ طریقہ ہے۔ وہ کہتے ہیں نہ ’ہلدی لگے نہ پھٹکری اور رنگ چوکھا۔‘

پرینکا کی مقبولیت

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

اب سوشل میڈیا کامیابی کا بھی ایک پیمانہ بنتا جا رہا ہے اب پرینکا چوپڑا کو ہی لے لیجیے بالی وڈ میں صفحہ اول کی ہیروئن بننے کے بعد امریکی ٹی وی شو کوانٹیکو سے بیرون ملک شہرت حاصل کرنے والی پرینکا نے کامیابی کا ایک اور میدان مار لیا۔ جی ہاں، ان کے حوالے سے ایک بڑی خبر یہ بھی بتائي جا رہی ہے کہ انسٹا گرام پر ان کو فالو کرنے والوں کی تعداد 60 لاکھ ہو گئی ہے۔ نیا زمانہ نئے انداز اور نئے پیمانے۔

شاہ رخ کی خواہش

بالی وڈ میں بھیڑ چال کوئی نئی بات نہیں آج کل ’بایو پکس‘ یعنی مختلف ہستیوں کی زندگی پر فلم بنانے کا چلن بڑھتا جا رہا ہے کوئی کرکٹر اظہر الدین پر فلم بنا رہا ہے تو کوئی دھونی پر تو کوئی اداکار سنجے دت پر۔ بہرحال ہوا کا رخ دیکھ کر کنگ خان نے بھی اپنے دل کی بات کہہ ڈالی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گرو دت کا کردار نبھانا چاہتے ہیں۔گرو دت نے ’پیاسا‘، ’کاغذ کے پھول‘، ’صاحب، بیوی اور غلام‘ اور ’چودھویں کا چاند‘ جیسی کلاسک فلمیں بنائی تھیں۔

شاہ رخ جب فلم ’فین‘ میں پچاس سال کی عمر میں اپنے ایک نوجوان فین کا کردار خود ہی ادا کر سکتے ہیں تو پھر 39 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہونے والے گرو دت کیوں نہیں بن سکتے۔

اسی بارے میں