بالی وڈ میں بنتے ٹوٹتے رشتوں کا سلسلہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فلم ’اظہر‘ میں عمران ہاشمی اظہر الدین اور اداکارہ نرگس فخری اظہر کی دوسری بیگم سنگیتا بجلانی کا کردار نبھا رہی ہیں

بھارت کے سابق کرکٹر اور کپتان محمد اظہر الدین کی زندگی پر بننے والی فلم ’اظہر‘ میں عمران ہاشمی اظہر الدین کا کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم میں اداکارہ نرگس فخری اظہر کی دوسری بیگم سنگیتا بجلانی کا کردار نبھا رہی ہیں۔

اب فلم میں اگر انڈسٹری کے ’سیریل کسر‘ عمران ہاشمی ہوں اور کسنگ سین نہ ہو ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟ فلموں میں ایسے مناظر کرنے کے لیے عمران کی وہی شبیہ ہے جو کرکٹ کے میدان میں رنز سکور کرنے کے لیے وراٹ کوہلی کی۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

لیکن عمران ہاشمی کو اب اپنی اس شبیہ پر ایک بار پھر غور کرنا ہوگا کیونکہ روزنامہ ممبئی مرر کے ساتھ بات چیت کے دوران نرگس فخری نے ایک حیران کن انکشاف کیا ان کا کہنا تھا کہ فلم کے ایک گانے میں کسنگ سینز کرتے ہوئے انھیں اچھا نہیں لگا۔

گانے میں کسنگ کے اتنے زیادہ مناظر تھے کہ انھیں سمجھ میں نہیں آیا کہ آیا یہ سین فلمائے جا رہے ہیں یا پھر ری ٹیک ہو رہا ہے۔ بحر حال اب پریشان ہونے سے کیا ہوگا نرگس آپ کو عمران ہاشمی کے ساتھ فلم سائن کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔

انوشکا کی حمایت میں کوہلی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption وراٹ کوہلی کی اچھی کارکردگی بہت سے لوگوں کی نظر میں انوشکا کی دوری کا سبب

بالی ووڈ میں رشتوں کے بننے اور ٹوٹنے کا سلسلہ کوئی نئی بات نہیں اور اس کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ اب چاہے وہ کرینہ اور شاہد کپور ہوں یا رنبیر کپور اور دپیکا پادوکون۔

ایسی ہی ایک مثال انوشکا شرما اور کرکٹر وراٹ کوہلی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلیا کے خلاف وراٹ کوہلی کے زبردست کھیل پر لوگوں نے جہاں ایک طرف جم کر ان کی تعریف کی وہیں سوشل میڈیا پر ان کی اس کامیابی کو انوشکا شرما کے ساتھ ان کے مبینہ بریک اپ کو اس بھونڈے انداز سے جوڑنے کی کوشش کی اور بریک اپ پر انوشکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے پہلے سٹیڈیم میں ان کی موجودگی کے سبب وراٹ کھیل پر توجہ نہیں دے پاتے تھے۔‘

اس کے جواب میں وراٹ نے ایسے پیغامات چھاپنے والوں کی سرزنش کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا انوشکا کو نشانہ بنانے والوں کو شرم آنی چاہیے کیونکہ کھیل کے میدان میں میں کیا کرتا ہوں اس سے انوشکا کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

ویراٹ نے کہا کہ انوشکا نے ہمیشہ ان کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ نفرت انگیز طعنوں سے تحفظ فراہم کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ کرکٹ کے ہی نہیں بلکہ اصل زندگی میں بھی ہیرو ہیں۔

جو نفرت کی تو نفرت کی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کنگنا اور رتک ایک دوسرے کے مخالف بیانات سے پرہیز نہیں کرتے

ویسے بریک اپ کے بعد اعلٰی ظرفی کا مظاہرہ ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ رتک روشن اور کنگنا رناوت کے قصے نے اب ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔

میڈیا میں کنگنا کے ساتھ نام جڑنے کے بعد 28 جنوری کو رتک نے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’میں اس لڑکی کے بجائے پوپ سے افیئر کرنے کو ترجیح دوں گا جس کا نام میڈیا میرے ساتھ جوڑ رہا ہے‘۔

لگتا ہے کہ یہ ٹویٹ اب رتک پر بھاری پڑنے والا ہے۔ ایک مسیحی گروپ ’انڈین کرسچین وائس‘ کے صدر ابراہم متھائی نے رتک روشن پر پوپ کو ہم جنس پرست کے طور پر پیش کرکے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے ایک قانونی نوٹس بھیجا ہے۔

کنگنا اور رتک نے دو فلموں میں ساتھ کام کیا ہے اور کرش تھری کے دوران ان دونوں کے درمیان نزدیکیوں کی خبریں عام ہوئی تھیں۔ کنگنا کی ایک قریبی دوست کے مطابق بات شادی تک پہنچ گئی تھی لیکن پھر آہستہ آہستہ تعلقات میں دراڑ پڑنے لگی۔

دونوں ہی نے محبت کا اظہار تو کھل کر کبھی نہیں کیا ہاں نفرت کے اظہار میں دونوں ہی ایک دوسرے کا ریکارڈ توڑنے میں لگے ہوئے ہیں۔

ایک بار پھر سلمان اور قطرینہ ساتھ ساتھ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سلمان خان ایک بار پھر سے قطرینہ کیف کے ساتھ نظر آنے کا منصوبہ رکھتے ہیں

میڈیا میں جہاں اس وقت فلمی ہستیوں کے بریک اپ، طلاق، کوٹ کچہری اور قانونی نوٹسس کی خبریں گرم ہیں وہیں کچھ لوگوں کو بریک اپ کے بعد زندگی میں آگے بڑھنے کا فن بھی خوب آتا ہے۔

ان میں سر فہرست قطرینہ کیف اور سلمان خان ہیں۔ ایک زمانہ تھا جب ان دونوں کے تعلقات کی خبریں اور افواہیں اخبارات کی سرخیاں ہوا کرتی تھیں لیکن انھوں نے بڑی خوبصورتی کے ساتھ محبت کو دوستی میں تبدیل کیا۔

خبریں ہیں کہ اب سلمان خان ایک بار پھر قطرینہ کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ فلم میں سوشانت سنگھ راجپوت بھی ہوں گے۔

سوشانت سنگھ راجپوت جہاں بالی ووڈ میں کامیابیوں کی سیڑھیاں چڑھ رہے ہیں وہیں ان کی زندگی بھی بالی ووڈ انداز میں ڈھلتی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ان کے اور ان کی دوست انکیتا لوکھنڈے کے درمیان بھی دوریاں بڑھنے لگی ہیں حالانکہ انکیتا نے اس طرح کی خبروں پر حیرانگی ظاہر کی ہے لیکن سوشانت کے نزدیکی دوستوں کا کہنا ہے کہ سوشانت فی الحال اپنا ’سنگل سٹیٹس‘ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

سوشانت شاید یہ سمجھ نہیں پا رہے کہ کامیابی کے لیے سنگل سٹیٹس ہونا ضروری نہیں اگر ایسا ہوتا تو شاہ رخ، ،عامر اور اکشے سپر سٹار کیسے ہوتے؟

اسی بارے میں