سلمان خان اور ایشوریہ رائے کا ٹکراؤ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption خبریں ہیں کہ سلمان خان اب کرکٹر وراٹ کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے درمیان پیدا ہونے والی دوریوں کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

سلمان خان خاصے بے باک ہیں اسی لیے انھیں بالی وڈ کا دبنگ بھی کہا جاتا ہے اور دریا دلی کے لیے انھیں رابن ہڈ کا خطاب بھی دیا جاتا ہے لیکن لگتا ہے کہ اب انھیں ایک نیا نام ملنے والا ہے اور وہ ہے ’لو گرو۔‘

خبریں ہیں کہ سلمان خان اب کرکٹر وراٹ کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے درمیان حال ہی میں پیدا ہونے والی دوریوں کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے یہاں کلگ کریں

انوشکا شرما آج کل سلمان خان کے ساتھ فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ اسی دوران سلمان نے ان سے وراٹ کے ساتھ ناراضگی ختم کرنے کی بات کی۔ سلمان کی کوششیں رنگ لائیں اور انوشکا اور وراٹ حال ہی میں ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں ایک ڈنر ڈیٹ پر ملے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ایشوریہ کی فلم ’سربجیت‘ اور سلمان کی فلم ’سلطان‘ کے ٹریلر ایک ساتھ 14 اپریل کو ریلیز ہو رہے ہیں

جہاں تک سلمان کا تعلق ہے تو اصل زندگی میں تو وہ اپنی سابق دوست ایشوریہ رائے بچن اور وہ ایک دوسرے سے نظریں ملانے سے کتراتے ہیں لیکن اب ایک دوسرے کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہیں اصل زندگی میں نہیں بلکہ اپنی فلم سلطان کے ٹریلر سے کیونکہ ایشوریہ کی فلم ’سربجیت‘ اور سلمان کی فلم ’سلطان‘ کے ٹریلر ایک ساتھ 14 اپریل کو ریلیز ہو رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ yashraj films
Image caption سلطان ہریانہ کے ایک پہلوان کی کہانی ہے جبکہ سربجیت اس شخص کی کہانی پر مبنی ہے

سلطان ہریانہ کے ایک پہلوان کی کہانی ہے جبکہ سربجیت اس شخص کی کہانی پر مبنی ہے جو شراب کے نشے میں سرحد پار کر کے پاکستان پہنچ گئے تھے اور23 سال پاکستان کی جیل میں رہے۔

بپاشا باسو کی شادی کی تیاریاں

Image caption بپاشا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نئے بوائے فرینڈ کرن سنگھ گروور سے شادی کرہی ہیں

کالی نائٹی پہن کر مہیش بھٹ کیمپ کی فلموں میں لوگوں کو ڈرانے والی اداکارہ بپاشا باسو اب اصل زندگی میں شادی کا جوڑا پہنے کی تیاری کر رہی ہیں۔ بپاشا نے آخر کار یہ اعلان کر ہی دیا کہ وہ اپنے نئے بوائے فرینڈ کرن سنگھ گروور سے شادی کر رہی ہیں۔ ایک بات سمجھ میں نہیں آتی کہ بالی ووڈ کے تمام سٹارز اپنی ہر بات کا اقرار یا انکشاف ٹوئٹر پر ہی کیوں کرنے لگے ہیں۔

اس سے پہلے پریتی زنٹا نے بھی ایسا ہی کیا پہلے تو وہ اپنی شادی کی خبر کو جھٹلاتی رہیں اور بعد میں ٹوئٹر پر تسلیم کر لیا بپاشا بھی پہلے اپنی شادی کی خبروں سے انکار کرتی رہیں اور اب ان کے اقرار کے بعد ان کی شادی کے کارڈز تک سامنے آگئے۔ اب دولہے میاں کرن سنگھ گروور کا تو پتہ نہیں لیکن بپاشا بڑے زورو شور سے شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اب کرن کی یہ تیسری شادی ہے تو کیا ہوا بپاشا تو پہلی بار ڈولی میں بیٹھنے والی ہیں۔

میڈیا اور فلمی ستاروں میں آنکھ مچولی

تصویر کے کاپی رائٹ Spice PR
Image caption کترینہ کیف بھی میڈیا کے رویے سے کافی پریشان ہیں اور اگٹر اس کی شکایت کرتی ملتی ہیں

آجکل کچھ فلمی ہستیوں اور میڈیا کے درمیان ٹھنی ہوئی ہے۔ جن میں کترینہ کیف ، ارباز خان اور رتیک روشن سب سے آگے ہیں۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ میڈیا ان فلمی ستاروں کی نجی زندگی کی جھلک اپنے کیمرے میں قید کرنے کی کوشش میں لگا رہتا ہے اور کیمرے ہمیشہ ان کا پیچھا کرتے رہتے ہیں۔

لیکن اگر دیکھا جائے تو یہ دونوں کے کاروبار کا حصہ ہے۔ اب حال ہی میں کترینہ ایک پارٹی سے نکل رہی تھیں کہ فوٹو گرافرز نے ان کی جھلک کیمرے میں قید کرنے کی کوشش کی جس پر ان کے ڈرائیور نے کار ایک کیمرہ مین کے پاؤں پر ہی چڑھا دی۔ اس سے پہلے رنبیر کپور کے ساتھ بریک اپ کی خبروں کے درمیان انھوں نے فوٹو گرافرز کو پولیس کے حوالے کرنے کی دھمکی دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption رتیک روشن کی تو بات ہی کچھ اور ہے خود اپنی نجی زندگی کو اخبار اور میڈیا کی زینت بنانے کے بعد اب کنگنا کے ساتھ ساتھ میڈیا پر بھی اپنا غصہ نکال رہے ہیں

ارباز خان جو اپنی ازدواجی زندگی میں ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں کئی بار بے وجہ میڈیا پر برس پڑتے ہیں۔ اب چاہے کوئی ان کے بھانجے کی پیدائش پر ان کے ردِ عمل کے لیے معصوم سا سوال ہی کیوں نہ ہو۔اور رتیک روشن کی تو بات ہی کچھ اور ہے خود اپنی نجی زندگی کو اخبار اور میڈیا کی زینت بنانے کے بعد اب کنگنا کے ساتھ ساتھ میڈیا پر بھی اپنا غصہ نکال رہے ہیں۔

حال ہی میں اپنی فلم ’موہن جوداڑو‘ کی شوٹنگ کے درمیان انھوں ایک فوٹو گرافر کا کیمرہ چھین لیا اور دن بھر اسے پریشان کرنے کے بعد ہی کیمرہ واپس کیا۔ معاملہ چاہے ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائیکہ اروڑا خان کے درمیان طلاق کا معاملہ ہو یا رنبیر اور کترینہ کے بریک اپ کا یا پھر رتیک اور کنگنا کے مبینہ عشق اور لڑائی یہ درست ہے کہ میڈیا کو مشہور شخصیات کی پرائیویسی کا خیال رکھنا چاہیے لیکن سٹارز کو اپنی نجی زندگی کو کسی فلم کی طرح سوشل میڈیا پر بغیر ٹکٹ عام بھی نہیں کرنا چاہیے۔

اسی بارے میں