طاہر شاہ اتنے پرُ اعتماد کیسے ہیں؟

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

آپ نے پاکستانی گلوکار طاہر شاہ کا نیا گانا ’اینجل‘ تو اب تک ضرور سن ہی لیا ہو گا جو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوا ہے۔ لیکن انھوں نے فرشتوں کے بارے میں اپنی میوزک ویڈیو بنانے کا فیصلہ کیوں کیا اور وہ اتنے پرُ اعتماد کیسے ہیں؟

٭ژے سوئی طاہر شاہ

٭طاہر شاہ کے گانے’اینجل‘ کی دھوم

بی بی سی اردو کے ریڈیو پروگرام میں ایمن خواجہ سے ایک انٹرویو میں طاہر خان کا کہنا تھا کہ ’جب بھی آپ کوئی نیا کام کرنے جاتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو بہادر ہونا پڑتا ہے۔ اور جب آپ کے اندر وہ ہنر اور اعتماد ہوتا ہے تب ہی آپ وہ قدم اٹھاتے ہیں۔ جب میں کوئی نئی چیز کرتا ہوں تو مجھے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا رد عمل کس طرح کا آئے گا۔

طاہر شاہ کے گانے ’اینجل‘ کی ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹ یوٹیوب پر 11 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس دفعہ بھی اپنا نیا گانا بنانے کے دوران انھیں دنیا بھر سے اتنی زیادہ توجہ حاصل کرنی کی توقع تھی تو انھوں نے کہا کہ انھیں پورا یقین تھا کہ اس مرتبہ بھی لوگ ان کا گانا بہت پسند کریں گے اور یہ کہ ایک فنکار ہونے کے طور پر وہ لوگوں کو ہمیشہ ایک نئی چیز پیش کرنا چاہتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ twitter
Image caption بالی وڈ کی اداکارہ ٹونکل کھنہ نے طاہر شاہ کے گانے پر اپنی رائے بیان کی

فرشتوں پر مبنی گانا اور ویڈیو بنانے کے خیال پر طاہر شاہ نے کہا کہ ’یہ ایک نئے رجحان اور نظریے کی بات ہے۔ جب ایک انسان تنہا ہوتا ہے تو وہ محبت کی تلاش میں ہوتا ہے اور جب اسے وہ محبت ملتی ہے تو وہ اس محبت میں سرشار ہوتا ہے ۔ جب اس کی محبت مکمل ہو جاتی ہے اور ایک فیملی کی صورت میں تبدیل ہو جاتی ہے تو وہ دنیا کے لیے محبت کا پیغام بھیجتا ہے۔ اسی طرح میں نے اپنا گانا ’اینجل‘ پیار، محبت اور انسانیت پر لکھا ہے۔‘

اپنے ٹی وی چینل کی لانچ پر طاہر شاہ نے کہا کہ اس وقت وہ کافی مصروف ہیں لیکن وہ اپنے چینل پر بھی ساتھ ساتھ کام کر رہے ہیں جو سہی وقت آنے پر ضرور لانچ کیا جائے گا۔

طاہر شاہ جن کے دونوں گانے ’آئی ٹو آئی‘ اور اب ’اینجل‘ کی مقبولیت میں سوشل میڈیا کا ایک بہت بڑا ہاتھ ہے سے پوچھا گیا کہ اگر سوشل میڈیا نہ ہوتا تو کیا انھیں لگتا ہے کہ ان کے گانے اتنے ہی مقبول ہوتے؟

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر سوشل میڈیا نہ ہوتا تو ضرور کوئی اور پلیٹ فارم ہوتا اور ہم اُس پر کام کرتے۔ اگر اس گانے کو پوری دنیا میں دیکھا جا رہا ہے اور اس پر بات ہو رہی ہے، لوگ اپنی رائے دے رہے ہیں تو یہی سب سے اہم بات ہے۔

ان کا نیا گانا یا منصوبہ کیا ہوگا؟

انھوں نے کہا: ’یہ تومیرے گانے ’اینجل‘ کی طرح ہی ایک سرپرائز ہوئے گا اور وقت پر آنے پر دیا جائے گا۔‘

اسی بارے میں