سلمان کا کندھا، قطرینہ کی ہاں اور رنبیر کی نہ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

سلمان خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جہاں وہ ایک طرف انتہائی فراخ دل انسان ہیں وہیں وہ یاروں کے یار ہیں اور رشتے نبھانے میں بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ کبھی وہ انوشکا اور وراٹ کے درمیان صلح کراتے ہیں تو کبھی کترینہ کو رونے کے لیے کندھا دینے کے ساتھ ساتھ ایک عدد نئی فلم بھی دیتے ہیں۔ خبریں ہیں کہ ان کے دوست ساجد ناڈیاڈ والا ایک کامیاب تمل فلم کا ہندی ورژن بنا رہے ہیں جس میں سلمان کترینہ کو سائن کرنے والے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Yashraj Films
Image caption ساجد ناڈیاڈ والا ایک کامیاب تمل فلم کا ہندی ورژن بنا رہے ہیں جس میں سلمان قطرینہ کو سائن کرنے والے ہیں

اب سلمان کے بھائی ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائیکہ اروڑہ خان کے درمیان بات طلاق تک جا پہنچی ہے وجہ جو بھی رہی ہو کئی دن سے ان کے علیحدہ ہونے کی خبروں پر قیاص آرائیوں اور خبروں کا سلسلہ جاری تھا اب کہا جا رہا ہے کہ سلمان کے سمجھانے پر دونوں نے طلاق کے فیصلے کو فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔ اب اگر ان کی دریا دلی کی بات کی جائے تو اس کا بھی کوئی ٹھکانا نہیں کہ سلمان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ دیکھ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے والی جس ننھی بچی کی ویڈیو فیس بک پر وائرل ہوئی تھی اب وہ سلمان کی فلم ’سلطان‘ میں انوشکا شرما کے بچپن کا رول کرنے والی ہے۔ سلمان کو لگتا ہے کہ اس بچی کی شکل انوشکا سے ملتی ہے۔ اب اسی لیے تو لوگ انھیں کبھی بھائی، تو کبھی دبنگ یا پھر رابن ہڈ کہتے ہیں۔

قطرینہ کیف رنبیر کو منانے میں لگی ہیں

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption حال ہی میں خبریں شائع ہوئی تھیں کہ قطرینہ رنبیر کے ساتھ اپنے رشتے کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں

اداکار رنبیر کپور اور قطرینہ کیف کے بریک اپ کے بارے میں کافی کچھ کہا جاتا رہا ہے۔ حالانکہ دونوں ہی نے کھل کر کبھی بھی اس بات کا اعتراف نہیں کیا کہ ان دونوں کے درمیان ایسا کوئی رشتہ ہے لیکن ایسے بے شمار اشارے ضرور دیے جس سے یہ ظاہر ہوا کہ دونوں کے درمیان نزدیکیاں ہیں لیکن ان کے بارے میں تازہ خبر ان کے فینز کا دل ضرور توڑ دےگی۔ حال ہی میں خبریں شائع ہوئی تھیں کہ قطرینہ اس رشتے کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں اور رنبیر اور قطرینہ کی دوست آرتی شیٹی کے گھر ہونے والی پارٹی میں انہوں نے رنبیر سے بات کی اورکہا کہ وہ اس رشتے کو ایک اور موقع دیں لیکن رنبیر نے صاف کہہ دیا کہ وہ اب زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں اور ان کے لیے بھی یہی بہتر ہوگا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption قطرینہ نے رنبیر کو منانے کی کوشش کی لیکن رنبیر نے انتہائی سرد مہری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر انکار کر دیا

مایوس قطرینہ نے ہار نہیں مانی اور اتوار کو کرینہ کپور کی فلم ’کا اینڈ کی ‘ کامیابی کی پارٹی میں جا دھمکیں خبروں کے مطابق پارٹی میں موجود لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب ایک بار پھر انھوں نے رنبیر کو منانے کی کوشش کی لیکن رنبیر نے انتہائی سرد مہری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر انکار کر دیا۔ لگتا ہے کہ قطرینہ نے ہریتک اور کنگنا کے تنازع سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔

اب کوئی قطرینہ کو سمجھائے کہ ’وہ افسانہ جسے انجام تک لانا نہ ہو ممکن، اسے ایک خوبصورت موڑ دیکر چھوڑنا اچھا۔‘

امیتابھ فیملی ٹوئٹر پر سرگرم کیوں ہے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاناما لیکس کے بعد ہی امیتابھ بچّن کو اپنے مداحوں کے احساس اتنا خیال کیوں ہوا ہے

بالی ووڈ بادشاہ امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر پر خاصے سرگرم ہیں اور اکثر اپنے دکھ سکھ کا اظہار ٹوئٹر پر کیا کرتے ہیں جمعرات کو انھوں نے اس ہفتے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ لوگ فلم سٹارز سے محبت کریں یا نفرت دونوں ہی چیزیں ان کے لیے اہم ہیں کیونکہ اس سے ہمیں آگے بڑھنے کی تحریک ملتی ہے۔ ویسے کچھ سمجھ میں نہیں آیا کہ پاناما لیکس کے بعد ہی انھیں اس بات کا اتنی شدت سے احساس کیوں ہوا ہے۔ اسی ہفتے ایک اور دلچسپ خبر نظروں سے گزری کہ جونیئر بچن میرا مطلب ہے کہ ابھشیک بچن کو ٹوئٹر پر نو کروڑ سے زیادہ لوگ فالو کرنے لگے ہیں اور انھوں نے لوگوں کا شکریہ ادا بھی کیا۔ کیا بات ہے ابھشیک کاش اتنے سارے لوگوں نے ملکر آپ کی فلمیں ہی دیکھ لی ہوتیں تو شاید آپ ٹوئٹر کے لیے اتنا وقت نہ نکال پاتے۔ کیا بات ہے بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ۔

اسی بارے میں