مشہور شخصیات کے بچوں کے شو پر پابندی

تصویر کے کاپی رائٹ Alamy
Image caption اس ہفتہ وار شو میں مشہور شخصیات اپنے بچوں کو چین کے مختلف دیہاتی علاقوں میں سیر و تفریح کے لیے لے جاتی تھیں

چین میں میڈیا کے نگراں ادارے نے ٹیلی وژن کے اُس مقبول شو پر پابندی عائد کر دی ہے جس میں مشہور شخصیات کے بچوں کو دکھایا جاتا تھا۔

اس پابندی کی وجہ سے چین میں ایک مقبول سیریز کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے شن ہوا کے مطابق اشاعت، ریڈیو، فلم اور ٹیلی وژن کے نگران ریاستی ادارے کا کہنا ہے کہ بچوں کو شہرت سے دور رکھنے سے وہ اپنے بچپن سے لطف اندوز ہو سکیں گے اور اس طرح انھیں راتوں رات مقبول ہوجانے کے برے اثرات سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔

اس اقدام سے سب سے پہلے بند ہونے والا شو ’ویئر وی آر گوئنگ ڈیڈ؟‘ (ہم کہاں جا رہے ہیں ابو؟) تھا۔ اس ہفتہ وار شو میں مشہور مرد اپنے بچوں کو چین کے مختلف دیہاتی علاقوں میں سیر و تفریح کے لیے لے جاتے تھے۔ ہونان ٹی وی کے اس شو نے انتہائی تیزی سے ریٹنگ حاصل کی اور اشتہارات کی مد میں خوب پیسہ کمایا۔

پیپلز ڈیلی کے مطابق اس شو کی ہر قسط ساڑھے سات کروڑ افراد دیکھتے تھے۔

ستمبر میں چین نے ایک نئے قانون کا اعلان کیا تھا جس میں پابند کیا گیا تھا کہ دس سال سے کم عمر کے بچوں کو اشتہارات میں نہ دکھایا جائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption میڈیا کے لیے ریاستی انتظامی ادارے کا کہنا ہے کہ بچوں کو شہرت سے دور رکھنے سے وہ اپنے بچپن سے لطف اندوز ہو سکیں گے

حسبِ توقع سوشل میڈیا پر بعض صارفین اس فیصلے سے خوش نہیں ہیں جس کی وجہ سے کئی دوسرے شوز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

مائکرو بلاگنگ کی سائٹ ویبو پر ایک شخص نے شکایت کی کہ ’اس فیصلے سے پہلے عوامی رائے نہیں لی گئی۔‘

ایک شخص نےطنزاً لکھا: ’بہت خوب، اب ہم 24 گھنٹے خبریں سنیں گے۔‘

تاہم کئی لوگوں نے اس فیصلہ کی تعریف بھی کی۔ ’ایک کمنٹ میں کہا گیا: ’یہ بچوں کے لیے اچھا ہے۔‘ کئی نے کہا کہ وہ بہت دیر سے اس فیصلے کے منتظر تھے۔ کئی کی نظر میں اس شو کے ختم ہونے سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

ایک صارف نے لکھا: ’یہ شو چلتا ہے یا نہیں مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا۔ میں پہلے ہی بہت دیکھ چکا ہوں میرا اس سے جی اکتا گیا ہے۔‘

اسی بارے میں