’اس پرفارمنس پر اکیڈمی ایوارڈ نہیں مل سکتا‘

ایک آسٹریلوی سیاست دان نے پہلے تو ہالی وڈ اداکار جونی ڈیپ اور ایمبر ہرڈ کے کتوں کو مار دینے کا دھمکی دی، اس کے بعد اب انھوں نے اس سٹار جوڑے کی معذرت کی ویڈیو کا بھی تمسخر اڑایا ہے۔

پیر کو 29 سالہ ایمبر ہرڈ کو کوینزلینڈ کی عدالت نے کاغذات میں ردوبدل کرنے کا مجرم نہیں ٹھہرایا تھا۔

عدالت میں جونی ڈیپ اور ایمبر ہرڈ کی جانب سے ملک میں اپنے کتوں پسٹل اور بو کو بغیر اجازت لے کر آنے پر معذرت کی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔

آسٹریلیا کے وزیر زراعت برنبی جوئس کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ فلم ’گاڈفادر کے لیے آڈیشن دے رہے ہوں۔‘

جوئس کا آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے ایک پروگرام میں کہنا تھا کہ ’میرا نہیں خیال کہ وہ اس پرفارمنس پر اکیڈمی ایوارڈ حاصل کریں گے۔‘

جوائس کا کہنا تھا: ’آخر میں دنیا بھر میں یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ اگر آپ اس ملک میں آتے ہیں اور یہاں کے قوانین پر عمل درآمد نہیں کرتے، تو آپ مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption آسٹریلیا کے وزیر زراعت برنبی جوئس کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ فلم ’گاڈفادر کے لیے آڈیشن دے رہے ہوں‘

چینل سیون کے صبح کے پروگرام میں ایک اور انٹرویو کے دوران جوئس نے تردید کی کہ یہ ویڈیو انھوں نے خود ڈائریکٹ کی ہے۔

انھوں نے کہ ’جہاں تک اس ظالمانہ فلم کو میرے ڈائریکٹ کرنے کا سوال ہے، نہیں، میں اس سے کہیں بہتر کام کر سکتا تھا۔

’دوبارہ کرو جونی، تھوڑے اور جوش کے ساتھ کرو، تھوڑا جوش۔‘

خیال رہے کہ جونی ڈیپ اور ایمبر ہرڈ نے آسٹریلیا اپنی ذاتی جہاز پر آنے کے بعد ساؤتھ پورٹ میجسٹریٹ عدالت کا سامنا کرنے کے لیے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی تھی۔

اس ویڈیو میں ایمبر ہرڈ آسٹریلیا کو ’ایک حیرت انگیز جزیرہ‘ قرار دیا ’جہاں قیمتی اور نایاب پودے، جانور اور لوگ رہتے ہیں۔‘

آخر میں جونی ڈیپ کہتے ہیں کہ ’جب آپ آسٹریلیا میں داخل ہوں تو جو کچھ آپ کے پاس ہو وہ بتائیں۔‘

اسی بارے میں