شیکسپیئر کی 400 ویں برسی کی تقریبات

Image caption ڈیوڈ ٹنینٹ رایل شیکسپیئر تھیئٹر سے براہ راست پروگرام پیش کریں گے

دنیا کے معروف ترین ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کی 400 ویں برسی کے موقعے پر برطانیہ میں ایک ہفتے کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے ۔

سنیچر کو ڈیوڈ ٹینینٹ بی بی سی ٹو ریڈیو پر شیکسپیئر کی جائے پیدائش سٹریٹفورڈ اپان ایون کے رائل شیکسپیئر تھیئٹر سے اس موقعے پر منعقد جشن کو براہ راست پیش کریں گے۔

فنکاروں میں ڈیم جوڈی ڈینچ، سر ایان میککیلن، ڈیم ہیلن میرن اور بینیڈک کیمبرج شامل ہیں۔ اس تقریب میں شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کورنوال شرکت کر رہے ہیں۔

Image caption اس موقعے پر ہیملٹ کا ورلڈ ٹور دو سال بعد واپس آئے گا

بی بی سی ٹو ریڈیو پر مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے شام اس تقریب کا آغاز ہوگا اور اس میں موقعے پر شیکسپیئر کے ڈراموں سے متاثر موسیقی کے پروگرامز بھی پیش کیے جائیں گے۔

لندن میں دریائے ٹیمز کے کنارے ٹاور برج اور ویسٹ منسٹر کے درمیان شیکسپیئرز گلوب ان کے تمام 37 ڈراموں پر منبی مختصر فلمیں بڑے بڑے پردوں پر دکھائے گا۔

فلم کے ادکار ان مقامات سے شیکسپیئرز کے مشہور ڈراموں سے کی لائنیں پڑھیں گے۔

Image caption شیکسپیئر کا 23 اپریل 1616 میں 52 سال کی عمر میں انتقال ہوا تھا

’دا کمپلیٹ واک‘ نامی اس پروجیکٹ میں جیما آرٹرٹن، ڈومنیک ویسٹ، رتھ ولسن، جیمز نارٹن، زاوے ایشٹن اور پیٹر کیپلڈی وغیرہ شامل ہیں۔

گلوب کے آرٹسٹک ڈائریکٹر ڈومنک ڈرومگول نے بتایا ہے کہ ایک فلم پریکلز کو چھوڑ کر باقی تمام فلموں کو ’یو سرٹفیکیٹ دیے گئے ہیں۔

ہفتے کے آخری ایام میں ’ہیملیٹ‘ پر مبنی گلوب کے عالمی ٹور کی واپسی ہوگی جو کہ گذشتہ دو سال سے دنیا بھر میں پیش کیا جا رہا ہے۔

Image caption مختلف فنکار اس موقعے پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے

امریکی صدر اوباما جو ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں وہ بھی اس یادگار تقریب میں شرکت کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

بی بی سی ٹو کے علاوہ بی بی سی ریڈیو تھری پر بھی پروگرام پیش کیے جائيں گے اور بعض مشہور ومعروف کرادار ’رومیو جولیئٹ‘، ’ہیملیٹ‘، اور ’کنگ لیئر‘ وغیرہ دریائے ٹیمز پر نظر آئیں گے۔

تمام چیزیں ڈیجیٹل چینل شیکسپیئر ڈے لائیو پر دکھائی جائیں گی۔

اسی بارے میں