پرفارمنس کے دوران سٹیج پرگلوکار کی موت

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاپا ویمبا افریقہ کے مقبول ترین فنکاروں میں سے ایک تھے، اور انھوں نے اپنے کریئر کے دوران ایک سے بڑھ کر ایک مقبول نغمہ تخلیق کیا

کانگو کے مشہور گلوکار پاپا ویمبا آئیوری کوسٹ میں سٹیج پر پرفارمنس کے دوران گر گئے اور ان کی موت واقع ہوگئی۔

کنسرٹ کی ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ 66 سالہ فنکار ناچتے ناچتے سٹیج پر گر پڑے اور ان کے اردگرد دوسرے رقاص ان کی حالت سے بےخبر ناچتے رہے۔

پاپا ویمبا اپنے لباس پر بےتحاشا رقم خرچ کرنے کے لیے مشہور تھے۔

وہ افریقہ کے مقبول ترین فنکاروں میں سے ایک تھے، اور انھوں نے اپنے کریئر کے دوران ایک سے بڑھ کر ایک مقبول نغمہ تخلیق کیا۔

انھیں 2004 میں فرانس میں انسانی سمگلنگ کے جرم میں تین ماہ جیل میں گزارنا پڑے تھے۔

اس کے علاوہ انھیں ایک جنرل کی بیٹی سے تعلقات کے الزام میں زائر میں بھی جیل کی ہوا کھانا پڑی تھی۔

کنساشا کے ریپر یوسفا نے ایک ٹویٹ میں ویمبا کی موت پر ماتم کرتے ہوئے کہا: ’میں اپنی برادری کے دوسرے ارکان کی طرح پاپا ویمبا کی موت سے شدید صدمے کا شکار ہوں۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’وہ ہماری ثقافت اور طرزِ زندگی کی علامت تھے۔ ان کی موت بہت بڑا نقصان ہے۔‘

اسی بارے میں